Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پیپلز پارٹی کا نواز شریف کے دعوے پر تعجب کا اظہار

نواز شریف کی حکومت نے تھر منصوبے پر کام بالکل بند کرادیا تھا، رہنما پیپلز پارٹی
اپ ڈیٹ 23 نومبر 2023 08:59pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر اور سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے دعوے پر رد عمل دیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما تاج حیدر نے نواز شریف کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تھر کول کے حوالے سے نوازشریف کا دعویٰ سن کر تعجب ہوا، نواز شریف غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔

تاج حیدر کا کہنا تھا کہ تھر کول منصوبے کی پہلی سمری پر میرے دستخط ہیں، تھرکول کا سنگ بنیاد محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے رکھا تھا، تھر کول سے بجلی کی پیداوار بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا۔

رہنما پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ تھر کول منصوبے پر وفاق کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا، تھرکول منصوبے کی کامیابی آصف زرداری کے مرہون منت ہے، نواز شریف صاحب صاحب تھر کول سے دور رہیں تو بہتر ہے۔

نواز شریف نے تھرکول کے بارے میں جو کہا وہ حقیقت نہیں، مراد علی شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سندھ کے سابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے تھر کول منصوبے کے کریڈٹ کے حوالے سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دعوے کو حقائق کے منافی قرار دے دیا۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے تھر کول کے بارے میں جو کہا وہ حقیقت پر مبنی نہیں، تھر کا کوئلہ 1991 میں دریافت ہوا تھا، تھرکوئلہ دریافت ہوئے تیس بتیس سال ہوگئے، نواز شریف 50 سال سے پتہ نہیں کہاں سن رہے تھے۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ کول اتھارٹی نے 1995 میں 10 ہزار 560 میگاواٹ کے پاورپلانٹس کے ایم اویو پر دستخط کیے، 1995 میں محترمہ بے نظیر بھٹو نے تھرکول منصوبے کا افتتاح کیا، نواز شریف کی حکومت نے تھر منصوبے پر کام بالکل بند کرادیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تھر منصوبے پر جوغیرملکی سرمایہ کار کام کر رہے تھے وہ ملک سے چلےگئے، 2008 میں جب پیپلزپارٹی کی حکومت آئی تو دوبارہ غیرملکی سرمایہ کار سے رابطہ کیا، بدقسمتی سے غیرملکی سرمایہ کار نے کہا کہ اب ہم پاکستان میں کام نہیں کریں گے۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس کے بعد سندھ حکومت نے اپنی کول مائننگ کمپنی بنائی، سندھ حکومت کی کوششوں اور چین کے پریشر سے وفاقی حکومت نے سندھ سے بات کرنی شروع کی، وفاق نے سندھ حکومت کو 2015 یا 2016 میں گارنٹی دی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ 2013 کے الیکشن کے بعد بدقسمتی سے نواز شریف حکومت نے منصوبے پرکام سست کیا، تھرکول میں 4 پاور پلانٹس لگ چکے، 3 کا افتتاح بلاول بھٹو زرداری نے کیا، چوتھے پاور پلانٹس کا افتتاح سابق وزیراعظم شہباز شریف کے دور میں ہوا، 1997 سے 2008 تک تھر کول منصوبے پرکوئی کام نہیں ہوا تھا۔

مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اس لیول پر حقیقت پر مبنی بات کرنی چاہیئے ورنہ ساکھ خراب ہوتی ہے، میرا یہی مشورہ ہےکہ جہاں کریڈٹ ہو وہاں لیں، یہاں کریڈٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔

خیال رہے کہ آج مری میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دور میں بجلی کے متعدد منصوبے لگا کر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، میں جھوٹ نہیں بولتا، پہلی بار ہم سندھ میں کوئلے کے ذخائر کو استعمال میں لائے، کوئلہ ملکی پیداوار ہے، ہزاروں میگا واٹ بجلی بنائی جاسکتی ہے، ہمارے دور کے بعد کس قسم کا دور تھا، ملک کا کلچر تباہ ہوگیا، تباہی پھیر دی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم بہت باتیں سنتے تھےکہ سندھ میں کوئلے کی کانیں ہیں لیکن کوئلے کی ان کانوں پر کام کسی نے نہیں کیا تھا، پہلی بار ہم نے سندھ میں کوئلےکے ذخائر کو استعمال کرکے بجلی پیدا کی۔

PMLN

Nawaz Sharif

Murad Ali Shah

PPP

Pakistan People's Party (PPP)

taj haider

nawaz sharif returns 2023