Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈیفنس کار حادثہ: ملزم کی عمر کے تعین کیلئے پولیس نے دانتوں کا ٹیسٹ کروالیا

پولیس نے مختلف ویڈیوز سے بھی تفتیش میں پیشرفت حاصل کرلی
شائع 23 نومبر 2023 11:48pm
فوٹو — اسکرین گریب/ فائل
فوٹو — اسکرین گریب/ فائل

ڈیفنس کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت کے معاملے پر ملزم افنان کی عمر کے تعین کے لیے پولیس نے دانتوں کا ٹیسٹ کروالیا، ہڈیوں کا ایکسرے، ملزم کا فوٹو گرامیٹیکل ٹیسٹ اور پولی گراف بھی کرایا جائے گا جبکہ پولیس نے مختلف ویڈیوز سے بھی تفتیش میں پیشرفت حاصل کرلی۔

لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں گاڑی کے ٹکرانے سے 6 افراد کی ہلاکت کے معاملے پر پولیس نے سائنٹیفک بنیادوں پر کیس میں پیشرفت کا آغاز کردیا۔

پولیس کے مطابق ملزم افنان شفقت کا دانتوں کا ٹیسٹ کرالیا گیا اور ہڈیوں کا ایکسرے بھی کرایا جائے گا، افنان شفقت کی اوسیفکیشن ٹیسٹ کی رپورٹ 4 ڈاکٹرز پر مشتمل بورڈ کو پیش کی جائے گی۔

ملزم کے گھر سے جائے وقوعہ کا فاصلہ 8 سے 9 کلومیٹر کے درمیان ہے، واقعے کی رات ملزم افنان جب گھر سے نکلا تو اس کی والدہ اور والد سامان لیکر داخل ہو رہے تھے۔

تفتیش کے دوران پولیس کو جائے وقوعہ کے قریب ایک گھر کے کیمرے اور ملزم کے فلیٹ کے باہر لگے کیمرے کی ویڈیو مل گئی، ان ویڈیوز کو ملزم کے فوٹو گرامیٹکل ٹیسٹ کے ذریعے میچ کیا جائے گا اور ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کرایا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق افنان شفقت گھر سے گاڑی پر اکیلا 8 بج کر 45 منٹ پر نکلا، وقوعہ کے قریب ایک انٹرنیشنل فاسٹ فوڈ چین کے باہر لگے کیمروں میں گاڑی کو تیزی سے گزرتے ہوئے دیکھا گیا، پولیس کو کی پہلی کال 9 بج کر 10 منٹ پر جبکہ دوسری کال 9 بج کر 23 منٹ پر موصول ہوئی۔

ڈیفنس کار حادثہ: کم عمر ملزم کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے ڈیفنس کار حادثے کا کم عمر ملزم افنان شفقت کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منطور کرلیا۔

لاہور ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے 6 افراد کو ہلاک کرنے کے خلاف کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) کی ایڈمن جج عبہر گل نے کی۔

اس موقع پر کم عمر ڈرائیور افنان شفقت کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، مقدمہ مدعی کی جانب سے ان کے وکیل رانا مدثر عمر اور ملزم کے وکیل بھی عدالت پیش ہوئے۔

اے ٹی سی نے ملزم کی تفصیلی تفتیشی رپورٹ طلب کر لی جب کہ پولیس نے ملزم کے ٹیسٹ مکمل کرانے کے لیے مزید 30 دن کا جسمانی ریمانڈ مانگ لیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ پانچ دن میں کیا پراگرس ہے، اس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ جائے وقوعہ سے ویڈیوز دیکھی ہیں، لہٰذا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کے لیے وقت درکار ہے۔

تفتیشی افسر کا عدالت کو بتانا تھا کہ ملزم افنان شفقت کی عمر کے تعین کا جزوی ٹیسٹ ہوا ہے، البتہ مکمل ٹیسٹ کے لیے وقت درکار ہے، بعد ازاں عدالت نے ملزم افنان کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے پولیس کے حوالے کردیا۔

اس سے قبل بھی لاہور ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے 6 افراد کو ہلاک کرنے کے کیس میں کم عمر ڈرائیور افنان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا تھا۔

traffic accident

Road Accident

atc lahore

lahore defence accident