Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

خدیجہ شاہ کی نظر بندی کیخلاف درخواستگزار کو متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کی ہدایت

پولیس گاڑیاں جلانے کے کیس میں یاسمین راشد کی درخواست پر وکلاء سے دلائل طلب
شائع 22 نومبر 2023 05:06pm

لاہور ہائیکورٹ نے خدیجہ شاہ کی نظر بندی کے خلاف درخواست گزار کو متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے گلبرگ میں پولیس گاڑیاں جلانے کے کیس میں یاسمین راشد کی درخواست پر وکلاء سے دلائل طلب کر لیے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے پاکستان تحریک انصاف کی کارکن خدیجہ شاہ کے شوہر جہانزیب امین سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی۔

خدیجہ شاہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ خدیجہ شاہ کوئی کریمنل نہیں اور وہ کاروباری فیملی سے تعلق رکھتی ہے۔

وکیل نے استدعا کی کہ خدیجہ شاہ کو اسی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے قرار دیا کہ خدیجہ شاہ کے ٹویٹ کا ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے فیصلے میں ذکر کیا، ہم ڈپٹی کمشنر کو ڈائریکشن دے دیتے ہیں کہ وہ قانون کے مطابق آپکی نظر بندی کی درخواست پر فیصلہ کر دیں۔

دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے گلبرگ میں پولیس گاڑیاں جلانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کی درخواست پر وکلاء سے دلائل طلب کرلیے۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکلا سے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 27 نومبر تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ گلبرگ پولیس نے یاسمین راشد اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

pti

ATC

Lahore High Court

Yasmeen Rashid

Yasmin Rashid

atc lahore

khadija shah