جنوبی افریقہ کی پارلیمنٹ نے اسرائیل سے تعلقات توڑنے کی قرارداد منظور کرلی
جنوبی افریقہ کے قانون سازوں نے منگل کے روز پریٹوریا میں اسرائیلی سفارت خانے کو بند کرنے اور غزہ میں حماس کے ساتھ جنگ بندی پر اتفاق ہونے تک تمام سفارتی تعلقات معطل کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔
یہ قرارداد بڑی حد تک علامتی ہے کیونکہ یہ صدر سیرل رامفوسا کی حکومت پر منحصر ہے کہ اس پر عمل درآمد کیا جائے یا نہیں۔
صدارتی ترجمان نے کہا کہ رامفوسا اسرائیل کے ساتھ جنوبی افریقہ کے سفارتی تعلقات، خاص طور پر سفارت خانے کی حیثیت کے بارے میں پارلیمنٹ کی رہنمائی کو ”نوٹ کرتے ہیں اور سراہتے ہیں“۔
ونسینٹ ماگوینیا نے کہا کہ صدر اور کابینہ اس معاملے پر مصروف عمل ہیں جو قومی ایگزیکٹو کی ذمہ داری ہے۔
غزہ کی گنجان آبادی والی پٹی میں حماس کے خلاف تباہ کن فوجی مہم کے دوران رامفوسا اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام اسرائیلی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں اور بین الاقوامی فوجداری عدالت سے مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ وہ ممکنہ جنگی جرائم کی تحقیقات کرے۔
اسرائیلی سفارت خانے نے فوری طور پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
Comments are closed on this story.