صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر احتجاجی ریلی نکالی گئی
صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف کراچی میں صحافتی تنظیموں نے احتجاجی ریلی نکالی جس کے شرکاء نے وزیر اعلیٰ ہاوس جانے والی سڑک پر دھرنا دے دیا۔
پی ایف یو جے، کراچی یونین آف جرنلسٹس، ایمنڈ اور کراچی پریس کلب کے رہنماؤں پر مشتمل جوائنٹ کمیٹی کی جانب سے پریس کلب سے ریلی نکالی گئی جو ایوان صدر روڈ اور ضیا الدین احمد روڈ سے ہوتی ہوئی وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب پہنچی تو وزیراعلیٰ ہاوس کے راستے کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔
مظاہرین نے ایوانِ صدر روڈ پر پولیس کی رکاوٹیں ہٹا دیں۔
صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر ریلی کے شرکاء نے وزیر اعلیٰ ہاوس جانے والی سڑک پر دھرنا دے دیا۔
اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے آزادی اظہارِ رائے کے حق میں نعرے لگایے جبکہ جان محمد مہر کے قاتلوں کو گرفتار کرو کے نعرے لگائے گئے۔
اس کے علاوہ احتجاج کے شرکاء نے پولیس گردی بند کرو کے نعرے بھی لگائے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کئی ماہ گزرنے کے باوجود جان محمد مہر کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کر سکی۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ جان محمد مہر کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے سزا دی جائے۔
دوسری جانب پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی کال پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام سینئر صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف پریس کلب کے بابھر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، بی یو جے قیادت کا 3 ماہ گزرنے کے باوجود صحافی کے قتل میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) کوئٹہ پریس کلب قیادت کا کراچی میں مرکزی قیادت کی جانب سے دیے جانے والے دھرنے کی بھرپور حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
صحافیوں نے مطالبہ کیاکہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، عدالت عظمی، سندھ پولیس کے رویے کا نوٹس لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کردار ادا کریں۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کرکے سندھ میں قتل ہونے والے سینئر صحافی شہیدجان محمد مہر کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔
بی یو جے قیادت نے 3 ماہ گزرنے کے باوجود صحافی کے قتل میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی اور نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے نوٹس لیکر ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
بی یو جے قیادت نے کراچی میں جاری دھرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے سخت احتجاجی لائحہ عمل اپنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
کوئٹہ پریس کلب کے باہر بی یو جے کے قائمقام صدر نور الہی بگٹی کی قیادت میں کیا گیا۔
مظاہر ے میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی صحافیوں کو تحفظ دینے، جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری اور آزادی صحافت کے حق میں اور بلوچستان میں شہید صحافیوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔
شرکاء نے مختلف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے مظاہرے سے بی یو جے کے قائمقام صدر نورالہی بگٹی پی ایف یو جے کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ایوب ترین کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند بی یو جے کے جنرل سیکرٹری منظور احمد سول سوسائٹی کے نمائندگان میر بہرام لہڑی اور علاءالدین خلجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اور پولیس صحافی کے قتل پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔
Comments are closed on this story.