ججز کیخلاف شکایات، سپریم جوڈیشل کونسل کا اہم اجلاس کل ہوگا
ملک بھر کی اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے احتساب کے حوالے سے کام کرنے والے ادارے سپریم جوڈیشل کونسل کا اہم اجلاس کل ہوگا، چیف جسٹس پاکستان قاضی فاٸز عیسیٰ کی سربراہی میں ہونیوالے اجلاس میں جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس سردار طارق کیخلاف شکایات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں جسٹس مظاہر نقوی کے اعتراضات پر بھی غور کیا جائے گا، سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ کونسل کی جانب سے جسٹس سردار طارق کیخلاف شکایت کنندگان کو شواہد کے ہمراہ طلب کیا ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ بطور چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل کی سربراہی کریں گے، جبکہ ان کے ساتھ دو سینئرترین ممبران کے ساتھ ہائی کورٹس کے دو سینئر ترین چیف جسٹس صاحبان بھی شامل ہوں گے۔
اٹارنی جنرل پاکستان بطور پراسیکیوٹر کے پیش ہوں گے۔ اجلاس میں جسٹس مظاہر علی نقوی کے جواب کے بارے بھی بات کی جائیگی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی انکوائری پر اعتراضات کرتے ہوئے کارروائی سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور دیگر دو ججوں کو الگ کرنے کی استدعا کی تھی۔
جسٹس مظاہر نقوی نے اپنے خلاف دائر ریفرنسز سننے والی جوڈیشل کونسل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے شوکاز نوٹس کا ابتدائی جواب بھی جمع کروایا تھا۔
Comments are closed on this story.