Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

شان مسعود ٹیسٹ اور شاہین شاہ آفریدی ٹی 20 ٹیم کے کپتان مقرر

مکی آرتھر کی جگہ محمد حفیظ کو ڈایریکٹر کرکٹ کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں
شائع 15 نومبر 2023 09:38pm

بابر اعظم کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کپتان اور مینجمنٹ بھی تبدیل کردی، شان مسعود کو ٹیسٹ اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کردیا جبکہ مکی آرتھر کی جگہ محمد حفیظ کو ڈائریکٹر کرکٹ کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔

ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد کپتان سمیت قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ میں اکھاڑ پچھاڑ کر دی گئی۔

دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بڑے فیصلے کرلیے، بابر اعظم کی جانب سے تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے استعفیٰ دینے کے بعد پی سی بی نے شان مسعود کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی 20 کا کپتان بنا دیا۔

پی سی بی کے مطابق وہاب ریاض نئے چیف سلیکٹر جبکہ سہیل تنویر جونئیر ٹیم کے چیف سلیکٹر مقرر کر دیے گئے۔

پی سی بی نے محمد حفیظ کو بھی ڈائریکٹر کرکٹ کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔

محمد حفیظ مکی آرتھر کی جگہ فرائض سرانجام دیں گے، وہ دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم کے لیے مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کا بھی انتخاب کریں گے۔

مزید پڑھیں

ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی: ذکاء اشرف سے سابق کرکٹرز کی مشاورت مکمل

بابراعظم نے ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی پر قوم سے معافی مانگ لی

ورلڈ کپ کے بعد استعفیٰ: بابر اعظم نے قریبی ساتھیوں سے مشاورت شروع کردی

34 سالہ شان مسعود نے 30 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور 4 سنچریوں اور 7 نصف سنچریوں کی مدد سے 1597 رنز بنائے ہیں۔

شان مسعود کو آئی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25 کے اختتام تک قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، ان کی بحیثیت کپتان پہلی ذمہ داری آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہے جو 14 دسمبر سے شروع ہوگی۔

لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان ٹی 20 ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، ان کی بحیثیت کپتان پہلی ذمہ داری 12 سے 21 جنوری تک نیوزی لینڈ میں ہونے والی 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی۔

شاہین شاہ آفریدی 52 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 64 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور ان کی قیادت میں لاہور قلندرز نے لگاتار 2 سال پی سی ایل 2022 اور 2023 میں کامیابی حاصل کی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

cricket

babar azam

PCB

lahore

Shaheen Shah Afridi

shan masood

zaka ashraf

pcb management committee

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)