Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

بابر اعظم پاکستان کرکٹ ٹیم کی تینوں فارمیٹ کی قیادت سے دستبردار

بابراعظم کا پی سی بی کی صرف ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی پیشکش قبول کرنے سے انکار
اپ ڈیٹ 15 نومبر 2023 09:40pm

ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف سے ٹیم مینجمنٹ اور کپتان بابر اعظم سے ملاقاتوں کا نتیجہ برآمد ہوگیا، بابر اعظم پاکستان ٹیم کی تینوں فارمیٹ کی قیادت سے دستبردار ہوگئے تاہم وہ تینوں فارمیٹ میں بطور بیٹر کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔

ورلڈکپ 2023 میں گرین شرٹس کی ناقص کارکردگی کے آفٹر شاکس اور تنقید کے نشتروں سے دلبرادشتہ بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

بابر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’مجھے وہ لمحہ واضح طور پر یاد ہے جب مجھے 2019 میں پاکستان کی قیادت کرنے کے لیے پی سی بی کی جانب سے کال موصول ہوئی تھی، پچھلے 4 سالوں میں، میں نے میدان کے اندر اور باہر بہت سی اونچائیوں کا تجربہ کیا ہے لیکن میں نے پورے دل سے اور جذبے سے پاکستان کے فخر اور عزت کو برقرار رکھنے کا ارادہ کیا۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’وائٹ بال فارمیٹ میں نمبر ون کا مقام حاصل کرنا کھلاڑیوں، کوچز اور انتظامیہ کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ تھا لیکن میں اس سفر کے دوران پاکستان کے پرجوش شائقین کرکٹ کے غیر متزلزل تعاون کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔‘

بابر اعظم نے اعلان کیا کہ ’آج میں تمام فارمیٹس میں پاکستان کی کپتانی چھوڑ رہا ہوں، یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس کال کے لیے یہ صحیح وقت ہے۔ میں تینوں فارمیٹس میں بطور کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کرتا رہوں گا۔ میں اپنے تجربے اور لگن کے ساتھ نئے کپتان اور ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے حاضر ہوں۔‘

آخر میں انہوں نے لکھا کہ ’پاکستانی ٹیم کی قیادت کا موقع دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ پاکستان زندہ باد‘۔

دورہ آسٹریلیا کیلئے شان مسعود پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ آسٹریلیا کے لیے شان مسعود کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔

فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی وائٹ بال کرکٹ کے کپتان بنا دیے گئے ہیں۔

سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا چیف سلیکٹر بنایا گیا ہے جبکہ سہیل تنویر جونئیر چیف سلیکٹر مقرر کردیے گئے۔

اس کے علاوہ محمد حفیظ ڈائریکٹر کرکٹ مقرر کردیے گئے، انہیں مکی آرتھر کی جگہ ذمہ داری دی گئی ہے، حفیظ ٹیم مینجمنٹ کے کوچنگ اسٹاف کا انتخاب کریں گے

بابر اعظم کی ذکاء اشرف سے ملاقات

اس سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف سے بابر اعظم نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران کپتان بابراعظم نے ذکاء اشرف کو ٹیم کی ناقص کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کی۔

بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں ناقص پرفارمنس اور قوم کی توقعات پر پورا نہ اترنے پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔

بابراعظم نے بولنگ سمیت تمام شعبوں میں ناقص کارکردگی کو ذمہ دار ٹھہرایا، بھارت سے ناکامی کے بعد کھلاڑیوں کا مورال ڈاؤن ہوا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ جنوبی افریقا اور افغانستان سے ناکامی سیمی فائنل تک نہ پہنچنے کا سبب بنی۔

ذرائع کے مطابق ذکاء اشرف نے دورہ آسٹریلیا کے لیے بابر اعظم کو ٹیسٹ کی کپتانی کرنے کی ذمہ داری سونپنے کا گرین سگنل دیا اور وائٹ بال کی قیادت کا فیصلہ بعد میں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ذکاء اشرف سے ملاقات کے بعد بابر اعظم قذافی اسٹیڈیم سے جانے لگے تو اسٹیڈیم سے نکلتے ہی نوجوان کرکٹرز نے ان کی گاڑی کو گھر لیا اور بابر اعظم کے حق میں خوب نعرے بازی کی، جس پر بابراعظم گاڑی میں بیٹھے مسکراتے رہے۔

قذافی اسٹیڈیم کے سامنے ٹریفک جام ہوگیا، پی سی بی سیکیورٹی گارڈز نے بابراعظم کی گاڑی کے لیے راستہ بناکر انہیں نکالا اور وہ روانہ ہوگئے۔

مزید پڑھیں

بابراعظم نے ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی پر قوم سے معافی مانگ لی

شاہد آفریدی نے بابر اعظم کو فوری کپتانی سے ہٹانے کی مخالفت کردی

ورلڈ کپ کے بعد استعفیٰ: بابر اعظم نے قریبی ساتھیوں سے مشاورت شروع کردی

دورہ آسٹریلیا کیلئے موجودہ کوچنگ اسٹاف کو نہ بھیجنے کا فیصلہ

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے دورہ آسٹریلیا کے لیے موجودہ کوچنگ اسٹاف کو نہ بھیجنے کا فیصلہ کرلیا، کوچنگ اسٹاف کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ ایک 2 روز میں ہو گا۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ذکاء اشرف نے ٹیم مینجمنٹ سے بھی تفصیلی ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں ڈائریکٹر مکی آرتھر، ہیڈ کوچ بریڈ برن و دیگر کوچیز اور مینجر ریحان الحق شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق مینجمنٹ نے اپنی رپورٹس پیش کیں اور ناکامی کا ملبہ بولنگ پر ڈال دیا جبکہ ذکاء اشرف نے ان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ کوچنگ سٹاف دورہ آسٹریلیا پر نہیں جائے گا، ان کی جگہ سابق قومی کرکٹرز میں سے کسی کو کوچ کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی، انہیں نکال نہیں رہے انہیں دوسری ذمہ داریاں دی جائیں گی۔

ملاقات کی اندرونی کہانی

ذکاء اشرف کی کوچنگ اسٹاف اور مینجر سے ملاقات اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق ذکاء اشرف نے کوچنگ اسٹاف کی مختصر گفتگو سنی، کوچنگ اسٹاف نے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کو صورتحال سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ذکاء اشرف نے کوچنگ اسٹاف کو ٹو دی پوائنٹ بات کرنے کہا جبکہ انہوں کی ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر سے اہم گفتگو کی۔

ذکاءاشرف نے مکی آرتھر کے کان میں فیصلہ سنایا کہ باقی لوگوں کو سنا دیا جائے، میں نے دوسری میٹنگ میں بھی جانا ہے، آپ سب کو بتا دیں کہ کیا فیصلہ ہے، ذکاء شرف نے کوچنگ اسٹاف کو آسٹریلیا سیریز میں کام کرنے سے روک دیا۔

ذکاء اشرف نے مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈبرن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو نکال نہیں رہے، آپ کو کسی دوسری اسائنمنٹ پر کام دیں گے۔

ذرائع کے مطابق مکی آرتھر نے جواب دیا کہ ہمیں اگر نکالنا ہے تو پوری طرح نکالیں۔

ذکاء اشرف نے کہا کہ ہم آپ کا فیصلہ آئندہ ایک دو روز میں کریں گے لیکن آپ آسٹریلیا نہیں جا رہے۔

ذکاء اشرف نے مینجر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی پرفارمنس کو بھی ری ویو کیا جارہاہے، دورہ آسٹریلیا میں سابق کرکٹر کو ہیڈ کوچ لگایا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے آج لاہور میں اجلاس طلب کیا تھا۔

اجلاس میں ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور دیگر کوچنگ اسٹاف کو کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے دوران ہی بابر اعظم نے اپنے قریبی ساتھیوں سے اس حوالے سے مشاورت کی تھی جس میں انہیں اپنی بلے بازی پر توجہ دینے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بابر اعظم ورلڈکپ کے دوران واٹس ایپ چیٹ ٹی وی اسکرین پر دکھانے کے بعد افسرہ تھے، انہوں نے اس حوالے سے قانونی آپشنز پر بھی غور شروع کر دیا ہے اور قانونی جارہ جوئی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

babar azam

PCB

lahore

Pakistan Cricket Team

ODI World Cup

zaka ashraf

world cup 2023

pcb management committee

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

ICC ODI WORLD CUP 2023