ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی: ذکاء اشرف سے سابق کرکٹرز کی مشاورت مکمل
ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی کا پوسٹمارٹم کرنے کے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے سابق کرکٹرز سے مشاورت مکمل کر لی، سابق کرکٹرز نے غیر ضروری اکھاڑ پچھاڑ نہ کرنے مشورہ دے دیا جبکہ بابر اعظم کو ریڈ بال کا کپتان برقرار رکھنے اور شاہین شاہ آفریدی کو وائٹ بال کا کپتان بنانے پر بھی غور کیا گیا۔
ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجوہات جاننے کے لیے سر جوڑ لیے گئے، چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف سے سابق کرکٹرز کی مشاورت مکمل ہوگئی۔
ذکا اشرف سے ملاقات کرنے والے سابق کرکٹرز میں سابق کپتان یونس خان، محمد حفیظ، وہاب ریاض اور سہیل تنویر شامل تھے۔
سابق کرکٹرز نے پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے تجاویز دیں اور ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق سابق کرکٹرز نے ٹیم اور مینجمنٹ میں غیر ضروری تبدیلیاں نہ کرنے کی تجویز دی اور تینوں فارمیٹ کے لیے الگ الگ ٹیمیں بنانے کا مشورہ دے دیا۔
سابق کرکٹرز نے بابراعظم پر دباؤ کم کرنے کے لیے انہیں صرف ریڈ بال کرکٹ کا کپتان برقرار رکھنے کی بھی تجویز دی۔
ملاقاتوں میں شاہین شاہ آفریدی کو ٹی 20 فارمیٹ کا کپتان بنانے پر غور کیا گیا جبکہ سابق کرکٹرز کو پی سی بی میں ذمہ داریاں دینے پر بھی مشاورت کی گئی۔
مزید پڑھیں
بابراعظم کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی، ذکاء اشرف نے سابق کرکٹرز کو ملاقات کیلئے بلالیا
قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ٹیم مینجمنٹ کا پوسٹ مارٹم کرنے پر اتفاق
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے کپتان بابر اعظم کو کل ملاقات کے لیے طلب کر لیا۔
ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر بھی کل لاہور پہنچیں گے جبکہ بابر اعظم، مکی آرتھر، مینجر ریحان الحق اور سابق کرکٹرز کی رپورٹس کی روشنی میں قومی ٹیم سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔
پی سی بی نے سابق کرکٹر توصیف احمد کی سربراہی میں قائم عبوری سلیکشن کمیٹی تحلیل کردی اور مشاورت کے بعد نئی قومی سلیکشن کمیٹی کا اعلان جلد ہی کر دیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.