Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

190 ملین پاؤنڈ، القادر ٹرسٹ کیس: بشریٰ بی بی کو 11 سوالوں کے جوابات جمع کرانے کی ہدایت

نیب راولپنڈی کی تحقیقاتی ٹیم کی بشریٰ بی بی سے تفتیش، 11 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ فراہم کیا
شائع 13 نومبر 2023 05:58pm
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی۔ فوٹو — فائل
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی۔ فوٹو — فائل

نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ اور القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے نیب راولپنڈی کی تحقیقاتی ٹیم نے تفتیش کی اور 11 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ فراہم کیا۔

190 ملین پاونڈ کی مبینہ کرپشن اور القادر ٹرسٹ تحقیقات کے معاملے میں نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سوالات کے جوابات دینے کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ نیب راولپنڈی میں پیش ہوئیں۔

نیب راولپنڈی میں آج بشریٰ بی بی سے نیب راولپنڈی کی 3 رکنی ٹیم نے تحقیقات کی اور 11 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ فراہم کیا۔

نیب کی جانب سے بشریٰ بی بی کو 11 سوالوں کے جوابات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیب کی جانب سے بشریٰ بی بی سے پوچھا گیا کہ آپ نے تعلیم کہاں سے حاصل کی؟، کیا آپ نے اسلامی تدریس کا کوئی کورس بھی کیا؟ القادر یونیورسٹی پروجیکٹ ٹرسٹ بنانے کا مقصد کیا تھا؟۔

نیب سوالات کے مطابق کیا بطور ٹرسٹی ہونے کے ساتھ ساتھ بطور استاد بھی القادر یونیورسٹی میں ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں؟، کیا بطور ٹرسٹی یا بطور استاد یونیورسٹی سے کسی قسم کی تنخواہ یا مراعات لیتی رہی ہیں؟۔

نیب نے بشریٰ بی بی سے پوچھا کہ فرح گوگی کے ساتھ آپ کا کیا تعلق ہے؟ القادر یونیورسٹی بنانے کا خیال کس کا تھا اور اس کے لئے جگہ کا تعین کس نے کیا؟، آپ بطور ٹرسٹی القادر یونیورسٹی میں کیا ذمہ داریاں ادا کر رہی تھیں؟۔

نیب نے مزید پوچھا کہ فرحت شہزادی کو آپ کیسے جانتی ہیں؟ کیا آپ ان کی مالی معاملات اور کردار بارے مطمئن ہیں؟ کیا آپ کو علم ہے کہ فرح گوگی نے ہاؤسنگ سوسائٹی سے اسلام آباد میں 240 کنال زمین حاصل کی ؟۔

نیب نے القادر ٹرسٹ کو ملنے والے عطیات کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے 190 ملین پاونڈ اسکینڈل (القادر ٹرسٹ کیس) میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کی دیرینہ دوست فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کو راولپنڈی نیب آفس طلب کررکھا تھا۔

نیب نے بشری بی بی اور فرح گوگی کو نوٹس بھی جاری کررکھے تھے، جس میں بشریٰ بی بی کو آج دن دو بجے اور فرح گوگی کو 3 بجے طلب کیا گیا تھا۔

نیب راولپنڈی نے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کی قریبی دوست فرح گوگی کو بدھ کو طلب کیا تھا، تاہم وہ پیش نہ ہوئیں اور ان کے وکلا نے نئی تاریخ مانگی تھی، جس پر نیب نے انہیں 13 نومبر کو طلب کیا تھا۔

نیب راولپنڈی نے بشریٰ بی بی کو بطور ملزمہ طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے، نوٹس میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی 3 بار طلب کرنے پر نیب میں پیش نہیں ہوئیں، بشریٰ بی بی کی 7 نومبر کو عدم پیشی پر 13 نومبر دن 2 بجے دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں

190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل، اعظم خان نے عمران خان کیخلاف بیان ریکارڈ کروا دیا

اعظم خان کے انکشافات پر تحریک انصاف کا رد عمل

نیب کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی نے اب تک جو جواب اور دستاویزات جمع کرائیں ہیں، نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ان سے مطمئن نہیں لہذا بشریٰ بی بی بطور ملزمہ پیش ہو کر شامل تفتیش ہوں۔

نیب کی جانب سے فرح گوگی کو ارسال کئے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فرحت شہزادی نیب راولپنڈی کے دفتر پیش ہوں اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے بیان ریکارڈ کروائیں۔

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ فرحت شہزادی کو ایک بار پہلے بھی طلب کیا گیا تھا لیکن وہ ہیش نہیں ہوئی تھیں۔ فرحت شہزادی کو القادر ٹرسٹ اور القادر یونیورسٹی سے متعلق دستاویزات ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ پر الزام ہے کہ انہوں نے 50 ارب روپے کی قانونی حیثیت حاصل کرنے کے لیے اربوں روپے اور سیکڑوں کنال اراضی حاصل کی تھی، جس کی نشاندہی برطانیہ نے پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کے دوران کی تھی۔

pti

NAB

imran khan

bushra bibi

AL QADIR TRUST

190 million pounds scandal