پنجاب ٹریفک پولیس نے کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کیلئے شاہد جٹ کی خدمات پیش کردیں
ورلڈ کپ میں پانچویں پوزیشن لانے والی پاکستان کرکٹ ٹیم نے قوم کو اتنا مایوس کرڈالا کہ عام شائقین کے ساتھ ساتھ سرکاری محکمے بھی جذبات پر قابو نہ رکھ پائے۔
گرین شرٹس کی وطن واپسی نے مایوس شائقین کے پاس یہی راستہ چھوڑا کہ وہ سوشل میڈیا پردل کی بھڑاس نکالیں۔ ایسے میں لاہورٹریفک پولیس نے بھی ایکس ہینڈل پر قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایک ’انوکھا‘ حل نکال لیا۔
اتوار کو لاہورٹریفک پولیس کی جانب سے کانسٹیبل شاہد کی تصویرشیئر کرتے کہا گیا کہ ’پنجاب پولیس کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے تیار ہے‘۔
اس پوسٹ کی خاص بات پی سی بی کے بیک گراؤنڈ والی تصویرپر کانسٹیبل شاہد کی تصویر کی ایڈیٹنگ ہے۔
صارفین کو یہ متنازع پوسٹ دیکھ کر حیرت کا شدید جھٹکا لگا کیونکہ شاہد جٹ کسی اچھی وجہ کی بنا پر سامنے نہیں آئے تھے۔
واضح رہے کہ اگست میں سوشل میڈیا پر پنجاب پولیس کے کانسٹیبل شاہد زوہیب جٹ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ سڑک پرموٹر سائیکل چلانے کے دوران ایک یو ٹیوبر کی جانب سے روکنے پر آئی جی پنجاب کو گالیاں دیتے دِکھائی دیتے ہیں۔ یوٹیوبرنے ہیلمٹ نہ پہننے پر وردی میں ملبوس شاہد کو زبردستی روکا تھا۔
متنازع پوسٹ پرسوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی جس کے بعد ترجمان لاہورٹریفک پولیس کی جانب سے وضاحت سامنے آئی کہ ان کا ایک اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا تھا۔
بعد ازاں اس پوسٹ کو ڈیلیٹ کردیا گیا۔
آئی جی پنجاب کیلئے نازیبا الفاظ والی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کی بڑی تعداد نے کانسٹیبل کو ملازمت سے برطرف کرکے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
شفقت شبیر نے ایکس پر لکھا کہ ’یہ مذاق نہیں ہے، اور یہ میم پیج نہیں ہے۔ آپ مذاق کے نام پر بے ہودگی کو بڑھاوا نہیں دے سکتے‘۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’سب سے پہلے تو شاہد اپنے اعلٰی اخلاق سے ٹیم کا استقبال کریں گے‘۔
تاہم آئی جی پنجاب عثمان انور نے اچھی مثال قائم کرتے ہوئے شاہد جٹ سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ کانسٹیبل ذہنی الجھنوں کا شکار ہے جس کے بعد پنجاب پولیس کی جانب سے ان کا علاج بھی کروایا گیا تھا۔
Comments are closed on this story.