Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لیگی رہنماؤں کی ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ملاقات، سیٹوں کی تقسیم پر پیشرفت نہ ہوسکی

ان جماعتوں سے ملیں گے جہاں اتحاد ہوسکتا ہے، خواجہ سعد رفیق
اپ ڈیٹ 12 نومبر 2023 06:17pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ ن کے وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں متحدہ کی قیادت سے ملاقات کی جس میں انتخابی اصلاحات پر بات ہوئی لیکن عام انتخابات کیلئے سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت نہ ہوسکی۔

بہادر آباد مرکز پہنچنے پر ایم کیو ایم وفد نے ن لیگ کے رہنماؤں کا استقبال کیا۔ مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت میں اہم ملاقات ہوئی۔ جس میں خالد مقبول صدیقی ، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، نسرین جلیل سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے، جبکہ مسلم لیگ ن کے وفد میں خواجہ سعدرفیق، ایازصادق، بشیرمیمن اور نہال ہاشمی شامل تھے۔

خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کے بعد خالد مقبول صدیقی اور فاروق ستار کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر کوئی بات نہیں ہوئی، ابھی ہمارے درمیان صرف انتخابی اصلاحات پر بات ہوئی۔

انھوں نے کہا کہ چاہتے ہیں سندھ میں عوامی امنگوں کےمطابق اتحاد بنائیں، چاہتے ہیں کہ کراچی کو مستقبل میں نظرانداز نہ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی جمہوریت کو عام آدمی کی جمہوریت میں بدلنا ہے، وسائل کی منصفانہ تقسیم کاعمل صوبوں سے آگے بڑھنا چاہیے، بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانا ہوگا، اس نظام کو آنے والی پارلیمان میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ مسائل کے حل کیلئے تمام جماعتوں کو مل کر بیٹھنا ہوگا، میثاق جمہوریت کو آگے بڑھائیں اور میثاق معیشت کریں۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم نئے نظام عدل پر بھی بات کریں گے، ججز کی تقرری کا طریقہ کار واضح ہونا چاہیے، نظام عدل سفارش سے پاک ہونا چاہیے، ہم نیب کے قانون کو تسلیم نہیں کرتے، احتساب کا ادارہ تمام تر دباؤ سے پاک ہونا چاہیے۔

اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم مل کر نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں جہاں عوام کی حکمرانی ہوگی۔ پاکستان کو بہت سے بحرانوں کا سامنا ہے، پاکستان میں اصل مسئلہ نیتوں کا ہے، ہمیں آئین پاکستان کو مضبوط اور عوام دوست بنانا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے، بلدیاتی نظام کو بھی آئینی تحفظ ہونا چاہئے، نگراں وزیراعلیٰ کی طرح نگراں میئر بھی آنا چاہیے، آئین میں درج ہونا چاہیے کہ کون سا محکمہ بلدیات کے پاس ہے۔

لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس

لیگی وفد کے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد پہنچنے سے پہلے مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق نے سردار ایاز صادق اور نہال ہاشمی کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کے کارکنوں کی قربانیاں خراج تحسین ہیں، کراچی کے دورے کا مقصد واضح ہے، ہم پارٹی قیادت کی ہدایت پر یہاں آئے ہیں۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہمارے سیاسی اور سماجی رابطے جاری ہیں، آج ہم ایم کیو ایم سے ملاقات کریں گے، اویس نورانی سے بھی ملاقات ہوگی، ہمارے ساری جماعتوں سے اچھے تعلقات ہیں، ان جماعتوں سے ملیں گے جہاں اتحاد ہوسکتا ہیں۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ سوچی سمجھی سازش سے کراچی کو کھنڈر بنادیا گیا۔

ن لیگ کے وفد کی پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات

پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کےدرمیان اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق اور بشیرمیمن پر مشتمل وفد نے خورشید شاہ سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، اس موقع پر نوید قمراورغلام مصطفیٰ شاہ بھی شامل تھے۔

ملاقات میں موجود ملکی صورتحال اور انتخابات کے حوالے سے بات ہوئی، اور دونوں جماعتوں کے درمیاں بیانات پرکشیدگی کم کرنے پر بھی بات چیت ہوئی، جب کہ مستقل کے سیاسی منظر نامے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 مسلم لیگ ن کے وفد کی پیر پگارا سے ملاقات کی تصویر
مسلم لیگ ن کے وفد کی پیر پگارا سے ملاقات کی تصویر

لیگی وفد کی پیرا پگارا سے ملاقات

لیگی وفد نے فنکشنل لیگ کے سربراہ پیرپگارا سے راجا ہاؤس میں ملاقات کی، جس دوران ملاقات میں لیگی وفد نے نواز شریف کا پیغام پہنچایا۔ دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔

اس سے پہلے لیگی وفد نے جے یو آئی کے رہنما راشد سومرو سے ملاقات کی اور ان کے برادر نسبتی کے انتقال پر تعزیت کی جبکہ وہ کراچی ڈویژن کے صدر منور رضا کے گھر بھی گئے اور ان کے اہل خانے سے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

PMLN

JUIF

MQM Pakistan