Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

انتخابات میں کامیاب ہوکر وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائیں گے، رانا ثناء اللہ

آج عام آدمی کا جینا مشکل نہیں بلکہ ناممکن ہو چکا، لیگی رہنما
شائع 11 نومبر 2023 02:53pm
سابق وزیر داخلہ اور رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللہ۔ فوتو — فائل
سابق وزیر داخلہ اور رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللہ۔ فوتو — فائل

سابق وزیر داخلہ اور رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 2024 میں کامیاب ہو کر وفاق اور پنجاب میں اپنی حکومت بنائیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن تھا جیسے روکا اور خوشحالی کے سفر کو روک کر ایک پروجیکٹ کو لانچ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک فتنے کو ملک پر مسلط کیا گیا، فتنےکی ناکامی ملک کو بہت مہنگی پڑی ، نواز شریف نے ملک کو متعدد بار بحرانوں سے نکالا، 21 اکتوبر کے جلسے میں ملک بھر سے عوام نے بھرپور شرکت کی۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آج عام آدمی کا جینا مشکل نہیں بلکہ ناممکن ہو چکا ہے، ہم ایک، ایک ڈالر کے لئے آئی ایم ایف کی منت کر رہے ہیں، جی21 کو ہماری معیشت دستک دے رہی تھی جوکہ آج دنیا میں 47ویں نمبر ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عام انتخابات سے متعلق تیاریوں کا آغاز کر چکے ہیں، انتخابات میں کامیاب ہو کر وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائیں گے جس کے بعد مہنگائی ختم اور ڈالر کو واپس لائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف دوسرے صوبوں کے دورے شیڈول کر چکے، وہ آئندہ ہفتے بلوچستان جائیں گے جب کہ ہماری سیاسی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے پنجاب میں جاری ہیں اور ہمار ایک وفد مشاورت کے لئے سندھ گیا ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ سردار منصب ڈوگر دو بار ہمارے ایم این اے رہے، 2018 میں وہاں ٹکٹ کسی اور کو دی تھی، ناراضگی پیدا ہوئی لیکن ہم اس ناراضگی کو اس وقت دور نہیں کر سکے، ساتھ ہی کچھ امیدوار ہمارے سے الگ ہوکر آزاد الیکشن لڑے اس کی وجہ سے پارٹی کو کامیابی نا ملی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کہا جا رہا تھا دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کیسے ختم ہوگی، گھمبیرمسائل کے حل کے لئے ہمارے پاس 5 سال کی مدت تھی مگر ہم نے 4 سال میں دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے دکھایا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بھی کہا جا رہا تھا ن لیگ مینار پاکستان گراؤنڈ نہیں بھر سکتی لیکن ہم نے مینار پاکستان گراؤنڈ ہی نہیں بلکہ لاہورکوبھرکے دکھایا۔

PMLN

Rana Sanaullah

lahore

Election 2024