Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی، کانگو وائرس میں مبتلا ایک اور مریض چل بسا

نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے کانگو وائرس سے متعلق محکمہ صحت کو ہدایات جاری کردیں
اپ ڈیٹ 10 نومبر 2023 04:54pm
تصویر — فائل
تصویر — فائل

کانگو وائرس میں مبتلا ایک اور مریض انتقال کرگیا، جسے گزشتہ روز بلوچستان سے کراچی میں شفٹ کیا گیا تھا۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے سرحدوں پر مویشی منڈیوں میں جانوروں کی نگرانی سمیت کانگو وائرس سے متعلق محکمہ صحت کو ہدایات جاری کردی۔

ڈاکٹرز کے مطابق مریض کی حالت بہتر نہیں تھی، ڈاکٹرز حالت کی بہتری کے لیے کوششیں کررہے تھے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مریض کی صحت میں بہتری کے لئے اسے وینٹی لیٹر پر بھی رکھا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔

اس سے قبل کوئٹہ سے کراچی علاج کے لئے آنے والا ایک اور کانگو وائرس کا مریض انتقال کرگیا تھا۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ کی کانگو وائرس سے متعلق اہم ہدایات

نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے کانگو وائرس سے متعلق محکمہ صحت کو ہدایات جاری کی ہیں۔

ترجمان کے مطابق نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ کانگو وائرس کے پھیلاؤ پر سندھ کے سرحدی اضلاع میں الرٹ جاری کیا جائے۔ احتیاطی تدابیر میں کیڑے مار اسپرے اور دیگر احتیاطی تدابیر کو یقینی بنایا جائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ بلوچستان سے آمد ورفت کے باعث دادو میں کانگو وائرس کا خطرہ ہے، بلوچستان سے ملحقہ دادو، شہداد کوٹ اور جیکب آباد میں نگرانی تیز کی جائے۔

انھوں نے محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک کو بھی احتیاطی تدابیر کے ساتھ آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔

مقبول باقر نے کہا صوبائی سرحدوں پر مویشی منڈیوں میں جانوروں کی نگرانی ضروری ہے۔ سندھ کے محکمے بلوچستان کے محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک کے ساتھ کوآرڈینیشن بڑھائیں، مقامی اسپتالوں میں کانگو وائرس کے لیے ضروری پروٹوکولز نافذ کئے جائیں۔

بلوچستان

quetta

Congo