Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لودھراں میں ٹرالر نے موٹر سائیکل رکشے کو کچل ڈالا، 7 افراد جاں بحق

مرنے والوں میں میاں بیوی اور بچے بھی شامل
شائع 09 نومبر 2023 09:43pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ آج نیوز
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ آج نیوز

لودھراں میں تیزرفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل رکشے کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

جمعرات کے روز لودھراں قومی شاہراہ پر ایک خوفناک حادثہ ڈسٹرکٹ اسپتال کے سامنے پیش آیا، جہاں بہاولپور کی طرف جانے والا تیز رفتار ٹرالر موٹرسائیکل رکشے پر چڑھ دوڑا، تیز رفتار ڈالر نے رکشے کو پیچھے سے ہٹ کیا اور کافی دور تک گھسیٹتا ہوا اس کے اوپر چڑھ دوڑا۔

حادثے میں رکشے پر سوار ایک ہی خاندان کے 6 افراد کچلے گئے اور موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 4 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں میں ایک اسپتال میں دم توڑ گیا، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 7 ہوگئی اور 3 زخمی ہیں۔

خوفناک حادثے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا، جس نے زخموں کو طبی امداد اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر(ڈی ایچ کیو) اسپتال لودھراں منتقل کیا۔

مرنے والوں میں میاں بیوی اور بچے بھی شامل ہیں، جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جارہا ہے۔

ڈسٹرکٹ ریسکیو آفیسر ڈاکٹر سید ماجد اور موٹروے پولیس کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔

ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، ٹرالر کو سٹی پولیس لودھراں نے اپنی تحویل میں لے کر کاروائی شروع کر دی ہے۔

بدقسمت خاندان اپنے بچوں سمیت بہاولپور مسافر خانہ کے قریب کسی شادی کی تقریب میں جا رہا تھا کہ ایک خوفناک حادثے کا شکار ہو گئے جبکہ خاندان کا تعلق اڈا پرمٹ اور شجاع آباد سے بتایا گیا ہے۔

لودھراں ٹریفک حادثہ: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا اظہار افسوس

دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لودھراں کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کمشنر ملتان ڈویژن اور آر پی او لودھراں سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے غفلت کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔

punjab

traffic accident

Accident

Road Accident

lodharan