غزہ متاثرین کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کا امدادی سامان مصر روانہ
جماعت اسلامی کی فلاحی تنظیم ”الخدمت فاؤنڈیشن“ کا امدادی سامان غزہ متاثرین کیلئے مصر کے العریش ائیرپورٹ روانہ کر دیا گیا۔ الخدمت مزید پانچ طیاروں پر مشتمل سامان بھیجنے کی پوزیشن میں ہے۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹرحفیظ الرحمنٰ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر محمد عبد الشکور اِس وقت مصر میں موجود ہیں،جہاں وہ غزہ تک امداد پہنچانے کے لیے ممکنہ ذرائع کے حوالے سے سرکاری و رفاہی اداروں سے مشاروت کر رہے ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے غزہ متاثرین کے لیے چارٹر طیارے کارگو بوئنگ 747 کے ذریعے امدادی سامان مصر کے العریش ائیرپورٹ روانہ کیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے غذائی اجناس، ادویات، ہائی جیب کٹس، ڈلیوری کٹس اور بے بی کٹس روانہ کیے گئے ہیں۔
امدادی سامان بھجواتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمنٰ نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اِس وقت پانچ طیاروں کا مزید امدادی سامان بھیجنے کی پوزیشن میں ہے۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمنٰ کا کہنا ہے کہ الخدمت غزہ میں پیدا ہونے والی صورتِ حال کے فوراَ بعد میدان عمل میں ہے۔ الخدمت غزہ میں بین الاقوامی رفاہی اداروں کے تعاون سے متاثرین تک مدد پہنچا رہی ہے، جس کے ساتھ ساتھ پاکستان سے ایس او پیز کے مطابق امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ بھی شروع ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ اِس وقت تاریخ کے بد ترین دور سے گزر رہا ہے۔ اتنے بڑے نقصان کے بعد غزہ کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے بھی بڑے منصوبے کی ضرورت ہوگی، جس کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
Comments are closed on this story.