Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نواز شریف کا آصف زرداری سے رابطہ، پی ٹی آئی کی طرف بھی ہاتھ بڑھانے کا فیصلہ

سیاسی جماعتوں کے ایک دوسرے پر ناجائز اعتراض نہ کرنے کی تجویز
اپ ڈیٹ 07 نومبر 2023 08:13am

ایک طرف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے، وہیں جماعتوں کے قائدین الیکشن کے حوالے سے ساتھ مل بیٹھنے کیلئے ایک دوسرے سے رابطے کر رہے ہیں، جس میں خلافِ توقع پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ رابطے کی امید بھی ہے۔

آصف علی زرداری نے نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے تو دوسری جانب نواز شریف نے ایم کیو ایم کو ملاقات کی دعوت دے دی ہے۔

آج (پیر کو) لاہور میں نواز شریف کی زیرِ صدارت ن لیگ کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس ہوا جو دو گھنٹے سے زائد جاری رہا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے عام انتخابات کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی اور سیاسی کشیدگی ختم کرنے کیلئے پارٹی رہنماؤں کی تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں نفرت انگیز سیاسی فضا کو ختم کرنے کیلئے نواز شریف کی تجویز پر جماعتوں کی کانفرنس منعقد کرنے پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی۔

اجلاس میں الیکشن رولز کیلئے سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ساتھ ہی رہنماؤں کی تجویز پر نواز شریف نے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا۔

نوازشریف نے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کیلئے رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دیے، اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، سعد رفیق، ایاز صادق پیپلز پارٹی، جے یو آئی (ف) کی قیادت سے رابطے کریں گے، ساتھ ہی ق لیگ، ایم کیو ایم اور آئی پی پی سے بھی سیاسی روابط کئے جائیں گے، سندھ اور بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں سے بھی روابط بڑھائے جائیں گے۔

بلاول کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سیاسی مسائل پر رابطے ہونے چاہئیں، تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے رہنے چاہئیں، ہمارا رابطہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ رہے گا، پیپلز پارٹی کے دروازے سب کیلئے کھلے رہتے ہیں۔

خلافِ توقع لیگی قیادت نے تحریک انصاف کے غیر متنازع رہنماؤں سے رابطے اور پی ٹی آئی سمیت ہر جماعت کو سیاسی بات چیت میں شامل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ الیکشن میں سب کو حصہ لینے کا حق ہونا چاہیے، بیلٹ پر تمام جماعتوں کے نشان ہونے چاہیئں، سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، الیکشن سب نے ہی لڑنا ہے۔

ذرائع کے مطابق لیگی رہنما الیکشن ڈے کے رولز آف گیم پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے، آر ٹی ایس بیٹھنے جیسے واقعات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائے گا، سیاسی جماعتوں کی مشترکہ تجاویز پر الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے مثبت انتخابی ماحول بننا چاہئے، کوئی جماعت دوسری جماعت پر ناجائز اعتراض نہ کرے۔

ایسے ماحول میں جب ن لیگ سب کو ایک ساتھ میز پر بٹھانے کیلئے سرگرم ہے، وہیں سیاسی رہنماؤں کی جانب سے دیے جانے والے بیانات ماحول کو گرما رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی بلاول کو وزیراعظم بنانے کیلئے مسلسل لیول پلئینگ فیلڈ کا مطالبہ کر رہی ہے تو ن لیگی رہنماؤں کی جانب سے ان کے مطالبے پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے، مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ لیول پلئینگ کیلئے رونا بند کریں تو جواباً پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاسی تنقید جاری رہے گی۔

pti

PMLN

Nawaz Sharif

Asif Ali Zardari

imran khan

PPP

Bilawal Bhutto Zardari

JUIF