Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مہنگائی، بیروزگاری، دہشت گردی ختم کرینگے، نواز شریف، چار سال بعد باقاعدہ سیاسی سرگرمیوں کا آغاز

لاہور میں پارٹی اجلاس، رہنماؤں کو الیکشن تیاری کی ہدایت، نوازشریف آئندہ الیکشن ضرور لڑیں گے، خواجہ آصف
اپ ڈیٹ 06 نومبر 2023 04:23pm
فوٹو:اسکرین شارٹ
فوٹو:اسکرین شارٹ

قائد مسلم لیگ ن نوازشریف 4 سال کے بعد پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن پہنچے، اور باقاعدہ سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد پاکستان کو مہنگائی،بے روزگاری اور دہشت گردی سے پاک کرنا ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے چار سال بعد باقاعدہ سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے، وہ طویل عرصے کے بعد آج اپنی بیٹی مریم نواز کے ہمراہ پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور پہنچے۔

ن لیگی قائد نواز شریف تقریبا 4 سال بعد پارٹی آفس پہنچے، تو شہبازشریف سمیت دیگررہنماؤں نے انہیں مبارکباد دی۔ جب کہ لیگی رہنما بی بی وڈیری اور ٹکٹ ہولڈر پی پی 170 میاں عمران جاوید کی جانب سے بکرے کا صدقہ دیا گیا۔

پارٹی سیکرٹریٹ میں نوازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف، مریم نواز، خواجہ آصف، اسحاق ڈار اور احسن اقبال نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، ٹکٹوں کی تقسیم اور انتخابی و سیاسی سرگرمیوں پر مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر نوازشریف کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے پہلے بھی ملک کی ترقی کیلئے کام کیا اور آگے بھی یہ سفر جاری رہے گا، ہمارا مقصد پاکستان کو مہنگائی، بے روزگاری اور دہشت گردی سے پاک کرنا ہے۔

نوازشریف نے پارٹی قیادت کو بھرپور انداز میں الیکشن کی تیاری کرنے کی ہدایت کر دی۔

سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف آئندہ الیکشن ضرور لڑیں گے، لیول پلینگ فیلڈ سب کے پاس ہے، کہیں گڑھا نہیں۔

نوازشریف سے بشیر میمن نے بھی ملاقات کی جس میں سندھ میں تنظیمی امور اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔

نوازشریف سے سابق ایم پی ایز،ٹکٹ ہولڈرز کی ملاقات

نوازشریف سے سیالکوٹ کے سابق ایم پی ایز اور ٹکٹ ہولڈرز نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر نوازشریف نے کہا کہ ماضی کی تینوں حکومتوں میں معیشت ہمارے ایجنڈے کا بنیادی نکتہ رہا ہے، معیشت کی بہتری کی ہمیشہ بھرپور کوشش کی، اللہ تعالی نے پھر موقع دیا تو اولین ترجیح معیشت کی بہتری ہوگی، معاشی بحالی کے لئے استحکام لازم ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام بڑے بڑے منصوبے ہمارے دور میں ہی لگے، 20 ، 20 سال پرانے منصوبے بھی ہمارے ادوار میں مکمل ہوئے، ہم نے چار سال ڈالر کو ہلنے نہیں دیا، اور 104 روپے پر ڈالر کو روکا، آئی ایم ایف نے خود کہا پاکستان بہت جلد پاﺅں پر کھڑا ہوجائے گا، اور اب پاکستان کو ہماری ضرورت نہیں ہوگی۔

اس سے قبل نوازشریف نے ن لیگ کے مرکزی رہنماؤں اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور احسن اقبال سے ملاقات کی، اس موقع پر شہبازشریف، مریم نواز اور مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، پارٹی سیاسی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نوازشریف نے پارٹی سیکرٹریٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ملازمین سے ملاقات کی، جب کہ سیکرٹریٹ میں اپنے لیے بنائے گئے نئے کمرے کا بھی دورہ کیا۔

PMLN

Nawaz Sharif

nawaz sharif returns 2023