Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

مولانا فضل الرحمان کی حماس رہنماؤں خالد مشعل اور اسماعیل ہانیہ سے ملاقات

جے یو آئی کے سربراہ غزہ متاثرین کے کیمپوں کا دورہ بھی کرسکتے ہیں
اپ ڈیٹ 05 نومبر 2023 04:20pm

جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن حماس کے رہنماوں سے اہم ملاقاتوں کے لئے قطر پہنچ گئے، وہ غزہ متاثرین کے کیمپوں کا دورہ بھی کرسکتے ہیں۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمن ایک ہفتے کے دورے پر قطر اور ترکی پہنچ گئے ہیں، اور انہوں نے حماس رہنماؤں خالد مشعل اور اسماعیل ہانیہ سے ملاقات کی ہے۔ اور مسئلہ فلسطین پر رہنماؤں میں تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ سیکرٹری جنرل جے یو آئی سندھ مولانا راشد محمودسومرو اورمفتی ابرار احمد شریک تھے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطین میں ظلم وستم کر رہا ہے، ترقی یافتہ ممالک کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں، فلسطینی قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں۔

ترجمان جے یو آئی نے بتایا کہ اسماعیل ہانیہ کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہوجائے، ہتھیاروں سے بھرے جہازلے کرتل ابیب پہنچ رہے ہیں، امت مسلمہ فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے لئے میدان میں نکلے۔

اس موقع پر حماس کے سابق رہنما خالد مشعل نے کہا کہ کشمیر، فلسطین پر مظالم انسانی حقوق کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔

ترجمان کے مطابق خالد مشعل اور اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ فضل الرحمان پاکستان میں فلسطین کے سفیر کا کردار ادا کررہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے شہداء کی بلندی درجات ،زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعاء کی۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمن جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات قطر روانہ ہوئے، دورے کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر خفیہ رکھا گیا۔

ذرائع نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ترکیہ لبنان یا مصر کے کسی علاقے میں غزہ متاثرین کے کیمپوں کا دورہ بھی کرسکتے ہیں، وہ 11 نومبر کو وطن واپس آئیں گے۔

یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمن نے حالیہ دنوں میں اپنے بڑے جلسے میں حماس قیادت کو ویڈیو خطاب بھی کرایا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن ترکیہ اور قطر کی حکومتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے تاکہ جنگ بندی کرائی جاسکے۔

ذرائع نے بتایا کہ جے یو آئی کے سربراہ غزہ میں پھنسے مظلوم فلسطینیوں کے لئے امدادی سامان کی ترسیل سمیت دیگر امور پر بھی عرب ممالک کی قیادت سے بات چیت کریں گے۔

مزید پڑھیں

مولانا فضل الرحمان فلسطینیوں کا مؤقف پیش کر رہے ہیں، اسماعیل ہانیہ کا مارچ سے خطاب

اسرائیلی فوج کا رات کے اندھیرے میں المیغاذی کیمپ پرحملہ،51 فلسطینی شہید

امریکا اسرائیل یا غزہ میں جنگی فوج بھیجنے کا ارادہ نہیں رکھتا، کملا ہیرس

مولانا فضل الرحمن پاکستانی عوام کی جانب سے فلسطینوں کی مدد پہنچانے کے طریقہ کار پر حماس اور عرب ممالک کی قیادت سے بات چیت کریں گے۔

واضح رہے کہ جے یو آئی کے سربراہ پہلے پاکستانی رہنما ہیں، جو اسرائیل حماس تنازع میں کردارادا کرنے خلیجی ممالک کے دورے پر گئے ہیں۔

اتوار کو معروف اردو روزنامے جنگ نے خبر دی تھی کہ مولانا فضل الرحمان غزہ روانہ ہوئے ہیں۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہےکہ مولانا فضل الرحمان خلیجی ریاستوں کا دورہ کر رہے ہیں اور ترکیہ لبنان یا مصر کے کسی علاقے میں غزہ متاثرین کے کیمپوں کا دورہ بھی کرسکتے ہیں۔

Palestine

Gaza

qatar

Molana Fazal ur Rehman

Israel Palestine conflict

Palestinian Israeli Conflict