لاہور : پولیس یونیفارم میں اغوا کی وارداتیں کرنیوالے 4 ملزمان گرفتار
لاہورمیں پولیس یونیفارم پہن کر اغوا برائے تاوان کی وارداتیں کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان سے تاوان کی بھاری رقم اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔
ڈی آئی جی سی آئی اے ملک لیاقت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اغوا برائے تاوان کی وارداتیں کرنے والے 4 خطرناک ملزمان میں انتصار، سجاول، مطلوب اور عثمان شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش بتایا کہ شہری عثمان کو اغوا کر کے بھاری تاوان وصول کیا جبکہ چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر شبیر کو اغوا کر کے تاوان حاصل کرنا چاہتے تھے۔
انھوں نے بتایا کہ ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ پولیس کا یونیفارم استعمال کر کے وارداتیں کرتے رہے۔
ڈی آئی جی سی آئی اے کا کہنا تھا کہ 6 ماہ قبل نارتھ کینٹ سے اغواء کیے گئے ڈاکٹرعمیر کو بازیاب کروایا گیا۔ ملزمان سے تاوان کی بھاری رقم، اسلحہ اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ملک لیاقت کے مطابق گروہ کا سرغنہ دونوں ٹانگوں سے معذور ہے اور اسکے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
Comments are closed on this story.