Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

حکومت کا ذکاء اشرف کو ورلڈ کپ تک توسیع دینے کا فیصلہ

ذکاء اشریف کے مستقبل سے متعلق سمری نگراں وزیراعظم کو موصول
شائع 03 نومبر 2023 10:37pm

حکومت کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کو ورلڈ کپ 2023 تک توسیع دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

پی سی بی کے موجودہ پیٹرن نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ایک انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ ابھی چوں کہ ورلڈ کپ چل رہا ہے، اس لیے کوئی قدم اٹھانا مناسب نہ ہوگا، ورلڈ کپ ختم ہونے کے بعد یہ معاملہ دیکھا جائے گا۔

جمعہ کو چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے مستقبل سے متعلق وزارت بین الصوبائی رابطہ کی طرف سے سمری نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو موصول ہوئی۔

سمری میں کہا گیا کہ موجودہ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کی مدت کل پوری ہورہی ہے اور ان کے مستقبل سے متعلق وزیراعظم اپنی رائے سےآگاہ کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ذکا اشرف کو ورلڈ کپ تک توسیع دیے جانے کا امکان ہے، کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد حتمی توسیع یا تبدیلی کا فیصلہ ہوگا۔

ذرائع کے مطابق وزارت بین الصوبائی رابطہ کی توسیع کی سمری پر نگراں وزیر اعظم کسی بھی وقت فیصلہ کرسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ذکا اشرف کی سربراہی میں کام کرنے والی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی مدت 4 نومبر کو پوری ہورہی ہے، جس کی وجہ سے مینجمنٹ کمیٹی اور چیئرمین کی تبدیلی کی قیاس آرائیاں جاری ہیں تاہم اب وزیراعظم کے اس بیان کے بعد یہ معاملہ ٹھپ گیا ہے۔

ذکا اشرف مینجمنٹ کمیٹی کی مدت میں توسیع کے حوالے سے ابھی باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری ہونا باقی ہے۔ ورلڈکپ کا فائنل انیس نومبر کو طے ہے۔ اس سے پہلے آحمد آباد میں اٹھارہ نومبر کو آئی سی سی کی میٹنگ بھی شیڈول ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سابق کرکٹر شاہد خان آفریدی سے اہم ملاقات کی تھی۔ مختلف ذرائع سے سامنے آنی والی خبروں میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وزیراعظم نے شاہد آفریدی کو پی سی بی میں اہم عہدہ دینے کی پیش کش کی ہے جس پر سابق کپتان نے سوچنے کیلیے مہلت مانگی ہے۔

cricket

PCB

lahore

Pakistan Cricket Team

ODI World Cup

zaka ashraf

world cup 2023

pcb management committee

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

ICC ODI WORLD CUP 2023