عمران خان کی جیل ٹرائل کیخلاف اپیل پر سماعت سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کا 2 رکنی بینچ ٹوٹ گیا
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سائفر کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت سے قبل دو رکنی بینچ ٹوٹ گیا۔
عمران خان کی جانب سے سائفر گمشدگی کیس میں جج تعیناتی اور جیل ٹرائل نوٹیفکیشن کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے کرنی تھی۔
دو رکنی بینچ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر شامل تھے تاہم سماعت سے قبل ہی جسٹس ارباب محمد طاہر نے خود کو بنچ سے الگ کرلیا۔
انہوں نے بینچ سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ جسٹس گل حسن اورنگزیب کی طرف سے دی گئی آبزرویشنز سے متفق ہوں، یہ اپیل کسی اور جج پر مشتمل دو رکنی بنچ کے سامنے مقررکی جائے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر کے بینچ سے الگ ہوجانے کے بعد اب جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کیساتھ جسٹس ثمن رفعت آج سماعت کریں گی
عدالت نے عمران خان کے جیل ٹرائل پر مؤقف واضح کرنے کے لئے وزارت قانون کے سینئر افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ 16 اکتوبر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل ٹرائل کے خلاف درخواست خارج کردی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلے میں کہنا تھا کہ مقدمے کی سماعت عدالت کے بجائے جیل میں کرانے کا کوئی بدنیتی پر مبنی ارادہ نہیں تھا۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ جیل ٹرائل عمران خان کے لیے موزوں ہے کیونکہ انہوں نے پہلے بھی اپنی سیکیورٹی کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا تھا، جب کہ انہیں ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ہائیکورٹ میں خصوصی عدالت پر اہم سوالات پر زیر غور
اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے سائفر کیس سننے والی خصوصی عدالت کی تشکیل پر ایک اہم نقطے کی وضاحت کرنی تھی جو اب نو تشکیل شدہ بینچ کے سامنے آئے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے جوائنٹ سیکرٹری وزارت قانون سے پوچھ رکھا تھا کہ کیا اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کی بطور آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت جج تعیناتی میں مکمل پراسس فالو ہوا ؟ کیا وزارت قانون از خود کسی جج کی تعیناتی کر سکتی ہے ؟ یا وفاقی حکومت کی منظوری ضروری ہے ؟ وفاقی حکومت کی منظوری ہے تو کیا وفاقی کابینہ کی منظوری سے یہ تعیناتی ہوئی؟
یہ بھی پڑھیں:
عمران خان نے سائفر اپنے پاس رکھ کر سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، فرد جرم عائد
اس سے قبل عمران خان کے وکیل نے سلمان اکرم راجہ نے اہم سوالات اٹھائے تھے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ عدالت کی تشکیل پر سوالات اٹھنے سے سائفر کا مقدمہ التوا کا شکار ہو جائے گا۔
Comments are closed on this story.