Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پی سی بی نے انضمام کیخلاف الزامات سے متعلق تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی

انضمام ہمارے ہیرو ہیں، ان سے ملنے کیلئے ہمیشہ دستیاب ہوں، ذکاء اشرف
شائع 30 اکتوبر 2023 09:05pm

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے انتخاب میں مفادات کے ٹکراؤ کے حوالے سے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کے خلاف الزامات سے متعلق تحقیقات کے لیے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی جبکہ رپورٹ کی روشنی میں ایکشن لینے کا فیصلہ ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری اعلامیے کے مطابق آئی سی سی ایونٹ کے لیے ٹیم کو منتخب کرنے کے حوالے سے مفادات کے ٹکراؤ کی خبریں ذرائع ابلاغ کی زینت بننے کے بعد بورڈ نے تحقیقات کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے انتخاب کے عمل سے متعلق میڈیا میں رپورٹ ہونے والے مفادات کے ٹکراؤ کے حوالے سے الزامات کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے، جو پلئیرز ایجنٹ اسکینڈل کی انکوائری کرے گی۔

پی سی بی کے بیان میں مزید کہا گیا کہ 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی اپنی رپورٹ اور سفارشات پی سی بی کی انتظامیہ کو جلد پیش کرے گی، رپورٹ کی روشنی میں انضمام الحق کے خلاف ایکشن لینے یا لینے کا فیصلہ کیا جائے گا، کمیٹی کو ان الزامات کی تحقیق کرنے کے لیے مکمل اختیار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مفادات کے ٹکراؤ کی خبریں سامنے آنے کے بعد قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اس فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں کرنل ریٹائرڈ خالد، کرنل ریٹائرڈ اختر، شامل ہیں جبکہ ڈائریکٹر میڈیا عالیہ رشید کے علاوہ ایک لیگل اور آڈٹ ٹیم کا نمائندہ بھی کمیٹی کا حصہ ہوگا۔

انضمام الحق پر یازو نامی پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے پارٹنرشپ کا الزام ہے، قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان، امام الحق، شاہین شاہ آفریدی سمیت سات کھلاڑی اس کمپنی سے منسلک ہیں۔

انضمام ہمارے ہیرو ہیں، ان سے ملنے کیلئے دستیاب ہوں، ذکاء اشرف

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ انضمام الحق کی قدر کرتا ہوں، جب ملاقات کرنا چاہتے ہیں دستیاب ہوں گا۔

ذکاء اشرف نے واضح کیا کہ انضمام الحق کو وضاحت کے لیے بلایا تھا، اپنے آفس میں موجود نہیں تھا، انضمام سے کیسے ملتا؟ انضمام الحق ہمارے ہیرو ہیں ، ہمیشہ ان سے ملنے کے لیے لئے دستیاب ہوں، اب جو کچھ بھی ان کا معاملہ ہے اس کی چھان بین کے لیے ایک کمیٹی بنادی ہے جو مفاد کے ٹکراؤ سے متعلق انکوائری کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو 3 سال کے لیے نیک نیتی سے کنٹریکٹ دیا تھا۔ کنٹریکٹ پر تاحال کھلاڑیوں نے دستخط نہیں کیے۔

ذکا اشرف کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرتے ہی کھلاڑیوں کوادائیگیاں کر دی جائیں گی۔

انضمام الحق چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

اپنے بیان میں انضمام الحق کا کہنا تھاکہ لوگ بغیر تحقیق کے باتیں کرتے ہیں، مجھ پر سوال اٹھے تو استعفیٰ دینا بہتر سمجھا، مجھ پر سوال اٹھے گا تو بہتر ہے سائیڈ پر ہوجاؤں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ انکوائری کرے میں دستیاب ہوں، بغیر تحقیق کے باتیں کر رہے ہیں جس نے بھی کہا ثبوت دیں، جو بھی مجھ پر الزام لگے ثبوت بھی دینا چاہیے۔

پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے کسی قسم کا تعلق نہیں، انضمام الحق

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ میرا پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے کسی قسم کا تعلق نہیں، اس طرح کے الزامات سے دکھ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر الزامات لگنے پر میں نے بورڈ سے بات کی تھی، بورڈ کوکہا کہ آپ کو کوئی شک ہے تو انکوائری کرلیں، مجھے فون آیا اور بتایا گیا کہ 5 لوگوں کی کمیٹی بنائی گئی ہے، اس پر بورڈ کو کہا جب تک کمیٹی تحقیقات کرلے عہدہ چھوڑ دیتا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ تمام چیزیں کلیئر ہونے کے بعد پی سی بی کے ساتھ بیٹھ جاؤں گا، مجھے لگا کہ میرے خلاف انکوائری ہو رہی ہے تو مجھے عہدے سے الگ ہوجانا چاہیے، ہمیں انکوائری کے نتائج کا انتظار کرنا چاہیے۔

PCB

lahore

inzimam ul haq

zaka ashraf

world cup 2023

pcb management committee

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

ICC ODI WORLD CUP 2023