Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے استعفیٰ دے دیا

انضمام الحق نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پی سی بی کو بھیجوا دیا
اپ ڈیٹ 30 اکتوبر 2023 08:53pm

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، ان پر پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے تعلق اور اس کی مرضی سے سلیکشن کرنے کا الزام بھی ہے۔

ذرائع کے مطابق انضمام الحق نے اپنا استعفیٰ چئیرمین پی سی بی منتجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کو بھیجوادیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے انضمام الحق کو طلب کیا تھا۔

انضمام الحق ذکاء اشرف سے ملاقات کیلئے قذافی اسٹیڈیم پہنچے مگر ملاقات نہ ہوسکی اور انضمام الحق نے دلبراشتہ ہوکر اپنا استعفیٰ بھیج دیا۔

تحقیقات کے بعد پی سی بی سے بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہوں، انضمام الحق

اپنے بیان میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ لوگ بغیر تحقیق کے باتیں کرتے ہیں، مجھ پر سوال اٹھے تو استعفیٰ دینا بہتر سمجھا، میں سمجھتا ہوں سلیکٹر کا عہدہ جج والا ہوتا ہے، مجھ پر سوال اٹھے گا تو بہتر ہے سائیڈ پر ہوجاؤں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ انکوائری کرے میں دستیاب ہوں، بغیر تحقیق کے باتیں کر رہے ہیں جس نے بھی کہا ثبوت دیں۔

سابق چیف سلیکٹر کا کہنا تھاکہ پی سی بی سے بھی میں نے کہا تحقیق کریں جو بھی مجھ پر الزام لگے ثبوت بھی دینا چاہیئے۔

انضمام الحق کا مزید کہنا تھا کہ میرا پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے کسی قسم کا تعلق نہیں، لوگ بغیر انکوائری کے باتیں کر رہے ہوتے ہیں، میرا 30 سال کا کیریئر ہے، پاکستان کے لیے کھیلا، اس طرح کے الزامات لگتے ہیں تو دکھ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پرالزامات لگنے پرمیں نے بورڈ سے بات کی تھی، بورڈ کوکہا کہ آپ کو کوئی شک ہے توانکوائری کرلیں، مجھے فون آیا اور بتایا گیا کہ 5 لوگوں کی کمیٹی بنائی گئی ہے، اس پر بورڈ کوکہا جب تک کمیٹی تحقیقات کرلےعہدہ چھوڑ دیتا ہوں۔

انضمام الحق کا مزید کہنا تھاکہ تمام چیزیں کلیئرہونے کے بعد پی سی بی کے ساتھ بیٹھ جاؤں گا، مجھے لگا کہ میرے خلاف انکوائری ہورہی تو مجھے عہدے سے الگ ہوجانا چاہیے، ہمیں انکوائری کے نتائج کا انتظار کرنا چاہیئے۔

پی سی بی نے انضمام الحق کے استعفیٰ کی تصدیق کردی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے، پی سی بی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے کر معاملات کا جائزہ لے گی۔

ترجمان پی سی بی نے کہا کہ کمیٹی کھلاڑیوں اور انضمام الحق کے سامنے آنے والے اسکینڈل کا جائزہ لے گی، کمیٹی اپنی تحقیقات میں مفادات کے ٹکراؤ کا جائزہ لے گی، رپورٹ کی روشنی میں پی سی بی آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔

انضمام الحق پر پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے تعلق اور اس کی مرضی سے سلیکشن کرنے کا الزام بھی ہے، قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان، امام الحق، شاہین شاہ آفریدی سمیت 7 کھلاڑی اس کمپنی سے منسلک ہیں۔

پاکستان ٹیم کے ورلڈکپ سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات ختم

یاد رہے کہ چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم انضمام الحق نے ایسے وقت میں استعفیٰ دیا ہے جب ورلڈ کپ کے لیے ٹیم بھارت میں موجود ہے اور قومی کرکٹ ٹیم کو پے درپے شکستوں کا سامنا ہے، ایونٹ میں گرین شرٹس اپنے 4 مسلسل میچز ہار چکی ہے اور سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقریباً ختم ہو چکے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر جہاں چیئرمین پی سی بی اور کپتان سمیت دیگر مینجمنٹ پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں وہیں انضمام الحق سے بھی جواب مانگا جا رہا ہے، ایسے میں ناقدین کی توپوں کا رخ کپتان بابر اعظم کے ساتھ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی جانب بھی ہوگیا ہے۔

انضمام الحق کا بطور چیف سلیکٹر تقرر

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں برس 7 اگست کو سابق کپتان انضمام الحق کو قومی کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی نے قومی ٹیم کے سابق کپتان کو چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں سونپی تھیں۔

انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کا عہدے سنبھالنے کے بعد افغانستان کے خلاف سیریز، ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔

انضمام الحق اس سے قبل 2016 سے 2019 تک چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ انضمام الحق سے قبل سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر تھے۔

یہ بھی یاد رہے کہ انضمام الحق کے دور میں پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ میں 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتی اور آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں عالمی نمبر ایک کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

انضمام الحق نے اُس وقت استعفیٰ دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ بحیثیت چیف سلیکٹر ذمہ داریاں نبھانا آسان نہیں۔

PCB

lahore

resignation

inzimam ul haq

cheif selector

zaka ashraf

world cup 2023

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

ICC ODI WORLD CUP 2023