Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نواز شریف مری سے لاہور پہنچ گئے، پارٹی رہنماؤں کا اجلاس کل طلب کرلیا

کل کی اہم ملاقات کا ایجنڈا طے کرنے کیلئے آج غیر رسمی اجلاس طلب کرلیا
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف مری میں ایک ہفتہ قیام کے بعد لاہور واپس پہنچ گئے، مری میں اپنے قیام کے دوران نوازشریف مختلف کیسز میں اسلام آباد کی عدالتوں میں پیش ہوئے جبکہ وہ کل سے لاہور میں اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کو سخت سیکیورٹی میں جاتی امراء رائیونڈ پہنچایا گیا، نواز شریف سہہ پہر 4 بجے کے قریب اسلام آباد سے لاہور کے لیے روانہ ہوئے تھے اور اسلام آباد سے براستہ موٹر وے لاہور پہنچے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز، جنید صفدر اور دیگر اہلخانہ بھی نواز شریف کے ہمراہ لاہور پہنچے ہیں۔

مری میں نوازشریف نے ایک ہفتہ قیام کیا، اس دوران نوازشریف مختلف کیسز کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ سمیت مختلف عدالتوں میں پیش ہوئے۔

نواز شریف کی جاتی امراء میں اہم رہنماوں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، 21 اکتوبر کو وطن واپسی کے 2 دن بعد نواز شریف مری چلے گئے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف کل سے باقاعدہ سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیں گے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف مری سے اسلام آباد پہنچ گئے

اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف مری سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے۔

نواز شریف چھانگلہ گلی سے مری ایکسپریس وے کے ذریعے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے تھے اور ان کی روانگی کے وقت سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

مسلم لیگ ( ن ) کی چیف آرگنائزر مریم نواز ، ان کے بیٹے جنید صفدر اور ان کی فیملی کے دیگر ممبران بھی نواز شریف کے ساتھ اسلام آباد پہنچے۔

نواز شریف اسلام آباد پہنچنے کے بعد سابق وفاقی وزیر اور پارٹی رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے گھر گئے اور ان کے بیٹے عنزہ طارق کے حادثے میں انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

نواز شریف اور مریم نواز نے عنزہ طارق کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔

قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور مریم نواز نے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

واضح رہے کہ نوازشریف 21 اکتوبر کو پاکستان واپس پہنچے تھے اور وطن واپسی کے دو روز بعد ہی مری چلے گئے تھے۔

نواز شریف نے مشاورتی ٹیم کو جاتی امراء طلب کرلیا

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے آج شام لاہور میں غیر رسمی اجلاس کے لیے مشاورتی ٹیم کو جاتی امراء طلب کرلیا۔

نواز شریف نے پارٹی کے چاروں صوبائی صدور سمیت اہم سنئیر رہنماؤں کا اجلاس کل صبح طلب کرلیا۔

آج رات ہونے والے غیر رسمی اجلاس میں 31 اکتوبر کی اہم ملاقات کا ایجنڈہ طے کیا جائے گا، نواز شریف کل سینئر رہنماؤں کو ظہرانہ بھی دیں گے۔

نواز شریف تقریبا ساڑھے 5 سال بعد جاتی امراء میں سیاسی ملاقاتوں کا آغاز کریں گے، سابق وزیراعظم کا الیکشن مہم کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس بھی کل ہوگا۔

PMLN

Nawaz Sharif

nawaz sharif returns 2023