پیٹرول آدھی قیمت پر، کم ازکم تنخواہ 50 ہزار دیں گے، علیم خان
استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے غریبوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول کی فراہمی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی اقتدار میں آکر پیٹرول آدھی قیمت پر دے گی اور کم از کم تنخواہ 50 ہزار روپے کردی جائے گی۔
استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) آج خانیوال میں اپنا پہلا عوامی جلسہ کررہی ہے، آئی پی پی نے خانیوال کے جہانیاں اسٹیڈیم میں جلسے کے لیے پنڈال سجایا، 100 فٹ چوڑا اور 40 فٹ اونچا سٹیج بنایا گیا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ آئی پی پی حکومت میں آکر مزدور کی کم از کم اجرت 50 ہزار کرے گی، 300 یونٹ تک بجلی مفت دی جائے گی،غریبوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول دیا جائے گا، پیٹرول کی پوری قیمت بڑی گاڑیوں والے ادا کریں گے، موٹر سائیکل والوں کے لیے پیٹرول 140 روپے ہوگا، ساڑھے 12 ایکڑ تک والے کسانوں کو ٹیوب ویل پر بجلی فری دیں گے۔ خواتین کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔
صدر آئی پی پی کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر ترین اور میں نے بادشاہت اور باریاں لگانے والوں کے خلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا، ہم عمران خان کے ساتھ اس لیے گئے تھے کہ چاہتے تھے کہ نیا پاکستان بنے اور باریاں لگانے والوں سے جان چھوٹے لیکن چیئرمین پی ٹی آئی کسی اور کے ہاتھوں میں کھیلنے لگے، 2018 کے الیکشن کے بعد کرپشن کا نیا پاکستان بن گیا۔
علیم خان نے کہا کہ کئی بار مسلم لیگ ن پنجاب میں اقتدار میں آچکی ہے، آج بھی عوام سے ووٹ مانگنے آئے گی، عوام آخر انہیں کتنی بار موقع دے، سندھ میں پیپلز پارٹی 15سال بیٹھی ہے، وہاں عوام کا حال برا ہے، پیپلز پارٹی عوام کے سامنے جاکر ڈھٹائی سے کہتی ہے انہیں موقع دے 8 سالوں میں ہم نے خوابوں کو چکنا چور ہوتے دیکھا۔
عبدالعلیم خان نے تحریک انصاف کے کارکنان سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ بدنصیب ہے پی ٹی آئی کا چیئرمین جس کے پاس جہانگیر ترین جیسا آدمی تھا، اس نے ضائع کیا، پی ٹی آئی والوں سے پوچھتا ہوں تم لوگوں نے جہانگیر خان، علیم خان کو کس کے لیے قربان کیا تھا، کدھر ہے آج عثمان بزدار؟ کدھر گیا محمود خان ؟ چئیرمین پی ٹی آئی کہتا تھا وہ 10 بار وزیراعظم بنا تو وزیراعلیٰ بزدار ہی ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیرمین پی ٹی آئی نے الیکشن کے بعد بزدار کا تحفہ دیا، عثمان بزدار فرنٹ مین تھا، پارسل آگے پہنچاتا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا 50 لاکھ گھر بنا کر دیں گے، انہوں نے 50 لاکھ نوکریوں کا وعدہ کیا، ہم ایک کروڑ نوکریاں دیں گے۔
سانحہ نو مئی پر بات کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ ہم نے اپنی آنکھوں سے شہدا کے مجسمے گرتے دیکھے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غریب لوگوں کو اپنا گھر دیں گے، کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔
نیا پاکستان بنانے کی کوشش کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، جہانگیر ترین
دوسری جانب استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین نے بھی جہانیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس ملک کے لیے 10 سال محنت کی اور جب پی ٹی آئی کی حکومت آئی انہوں نے ایک ایک کر کے ہمیں پارٹی سے علیحدہ کر دیا، انہوں نے پی ٹی آئی اس لیے چھوڑ دی کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ان کا مقصد اور تھا ہمارا اور تھا، اب فیصلہ آپ نے کرنا ہے کون آپ کے لئے بہتر ہے اور کون تبدیلی لا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کی کوشش کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، ادھورے مشن کو اب مل کر مکمل کریں گے، ہر چیز کو بہتر بنانا ہے۔
جہانگیرترین نے مزید کہا کہ ہمارا پلان تھا ہر شعبے میں بہتری لائیں گے، ہماری جگہ پر وہ لوگ آ گئے جو ہمارے پلان سے ناواقف تھے، جب وزیراعظم کی کرسی مل گئی ایک ایک کرکے سب کو ہٹا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ لودھراں کے عوام کا جلسے میں شرکت پر مشکور ہوں، نعرے نہیں ملکی ترقی کے لیے ہوم ورک مکمل کیا ہے، اپوزیشن جماعتوں کو اپنا دشمن نہیں سمجھتا، اپوزیشن جماعتیں بھی پاکستان کی جماعتیں ہیں، سب نے مل کرنیا پاکستان کے لیے 10 سال محنت کی۔
جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ان ہاتھوں میں چلی گئی جن کے دل میں ملک کے لیے درد نہ تھا، دشمنی سے نہیں پیار اور محبت سے آگے بڑھیں گے، عوام نے فیصلہ کرنا ہے کون سی جماعت بہتر ہے، پہلی ترجیح وہ علاقے ہیں جہاں ترقی نہیں ہوئی۔
استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف نے یہ بھی کہا کہ عوام سے کئے تمام وعدے ہم پورے کریں گے۔۔ زراعت کے شعبے کو ہم آگے لے کر جائیں گے، ہم ہر چیز کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ استحکام پاکستان پارٹی نے جلسہ گاہ میں 30 سے 35 ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پنڈال میں 50 ہزار سے زائد افراد کی گنجائش ہے۔
Comments are closed on this story.