لاہور میں 5 افراد کے قتل کا مقدمہ درج، لاشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے
لاہور میں قتل ہونے والے 5 افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں جبکہ قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
لاہور کے علاقے چوہنگ میں 3 بھائیوں سمیت 5 افراد کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا، پولیس نے مقتول شہزاد کی بیوہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا، جس میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر میں غلام صابر اور مبشر طفیل کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے مقدمے میں کہا گیا کہ 2 نامعلوم افراد بھی نامزد ملزمان کے ہمراہ فائرنگ کرتے رہے، ملزمان کا تعلق خان پور سے ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں، فائرنگ کا واقعہ گزشتہ رات جائیداد کے تنازع پر پیش آیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے چوہنگ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 3 بھائیوں سمیت 5 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
Comments are closed on this story.