Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

ہم 28 مئی والے ہیں،9 مئی والے نہیں، نوازشریف

میری ترجیح وہی ہےجو الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا، سابق وزیراعظم
اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2023 10:33am

مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا کہنا ہے کہ میرے خلاف مقدمات سے ملک کو نقصان ہوا، ہم 28 مئی والے ہیں،9 مئی والے نہیں، میری ترجیح وہی ہےجو الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا۔

سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد نواز شریف آج 4 سال بعد وطن واپس آرہے ہیں، اور دبئی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 4 سال بعد آج پاکستان جا رہا ہوں، خوشی محسوس کر رہا ہوں، اللہ کے فضل سے میں سرخرو ہوکرجا رہا ہوں، ہم 28 مئی والے ہیں،9 مئی والے نہیں۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ میرے خلاف مقدمات سے ملک کو نقصان ہوا، میں نے اور میری بیٹی نے ڈیڑھ، ڈیڑھ سو پیشیاں بھگتی ہیں، ناصرف ہم نے بلکہ ہماری پارٹی کے لوگوں نے بھی پیشیاں بھگتیں، میں نے سب کچھ اللہ پر چھوڑا ہوا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج 2017 کے مقابلے میں ملک کے حالات بہتر نہیں، پاکستان آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے چلا گیا ہے، لوگوں کے حالات بہت پریشان کن ہیں، بہت اچھا ہوتا 2017 کے مقابلے میں حالات بہتر ہوتے، لیکن اب بھی امید کی کرن ہے، ہاتھ سے نہیں جانے دیا جائے، ہم اس قابل ہیں کہ حالات کوٹھیک کیا جاسکے۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں پاکستان آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ چکا تھا، ملک میں روٹی 4 روپے کی ملتی تھی، غریب کا بچہ بھی اسکول جاتا تھا، علاج کی سہولت اور دوائیاں مفت تھیں، ہمیں آج دنیا کی بلند ترین قوموں میں شامل ہونا چاہئے تھا، افسوس کی بات ہے کہ نوبت یہاں تک کیوں آئی، کیا آپ کو آج وہ پہلے والاپاکستان نظر آتا ہے۔

نواز شریف کی واپسی پر آج نیوز کی مکمل کوریج

قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ الیکشن کمیشن مجازادارہ ہے، انتخابات کی تاریخ کا اعلان وہی کرے گا، میری ترجیح وہی ہے جو الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا، مردم شماری ہوچکی اور حلقہ بندیاں ہونی ہیں، ہم الیکشن کیلئے بالکل تیار ہیں۔

PMLN

Nawaz Sharif

dubai airport

nawaz sharif returns 2023