Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نواز شریف کی واپسی کے بعد پاکستان کو وہیں لے جائیں گے جہاں 2017 میں تھا، رانا ثناء اللہ

ن لیگ نے پاکستان کو پہلے بھی سرخرو کیا، اب بھی کرے گا، سابق وفاقی وزیر
شائع 18 اکتوبر 2023 05:09pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سازش کے تحت نواز شریف کو اقتدار سے نکالا گیا، ملک میں انتقامی سیاست کی بنیاد رکھی گئی، ن لیگ نے پاکستان کو پہلے بھی سرخرو کیا، اب بھی کرے گا، نواز شریف کی واپسی کے بعد پاکستان کو وہیں لے جائیں گے جہاں 2017 میں تھا، ملک میں 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نواز شریف نے ختم کی۔

ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف کے آنے پر ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں رکا تھا، 21 اکتوبر کو نوازشریف واپس آرہے ہیں، ان کا وطن واپسی پر بھرپور استقبال کیا جائے گا، 21 اکتوبر کو دوبارہ ترقی اور خوشحالی کا آغاز ہوگا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نوازشریف ملک کو 2017 کے ٹریک پر لے کر جائیں گے، نواز شریف نے سازشوں کے باوجود ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، انہوں نے پاکستان کو پہلے بھی بحرانوں سے نکالا، نوازشریف کو جلا وطن کیا گیا، نوازشریف نے ملک سے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے جانے سے ملکی حالات دن بدن خراب ہوتے چلے گئے نوازشریف کو نکالنے کے بعد ملک کی معیشت تباہ ہوگئی، نوازشریف کے خلاف پہلے بھی سازش کی گئی تھی، پوری دنیا پاکستان حکومت کی مخالف ہوگئی تھی، نوازشریف کو نکال کر ملک کو بحرانوں میں ڈالا گیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ امریکی صدر نے ایٹمی دھماکے نہ کرنے پر 5 ارب ڈالر کی لالچ دی، نوازشریف نے تمام آفرز کو ٹھکراتے ہوئے اٹیمی دھماکے کیے، 1998میں بھارت نے ایٹمی دھماکے کیے، ملک میں انتقامی سیاست کی بنیاد رکھی گئی۔

سابق وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ مریم نواز نے پارٹی ونگ کو متحرک کیا ہے، جنوبی پنجاب میں ن لیگ ہر سطح پر موجود ہے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ کل اسرائیل نے فلسطین میں بمباری کر کے پورا اسپتال تباہ کردیا، امریکا اور یورپ اسرائیل کی حمایت کررہا ہے کسی نے مذمت نہیں کی۔

نواز شریف کی وطن واپسی

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 21 اکتوبر کو نواز شریف کے استقبال کے لئے تیاریوں میں مصروف ہے اور اس حوالے سے نوازشریف نے مرکزی قیادت کو استقبال کے لئے کام سونپ دیا ہے اور کوشش ہورہی ہے کہ استقبالیہ جلسے میں زیادہ سے زیادہ لوگ پہنچيں۔

نواز شریف 21 اکتوبر کو لندن سے واپس پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے۔ نوازشریف چارٹرڈ کے بجائے مسافر طیارے کے ذریعے پاکستان آئیں گے جس کے لئے انہوں نے ٹکٹ بھی بک کروا لی ہے۔

مزید پڑھیں

’مینارپاکستان پر نوازشریف کی قیادت میں نئی تاریخ لکھیں گے‘

21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر ہونے والا جلسہ تمام ریکارڈ توڑ دے گا، رانا ثناء اللہ

نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری

نواز شریف 21 اکتوبر کو لندن سے ابوظہبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ لینڈ کریں گے اور اس ہی دن وہ ابو ظہبی سے لاہور کے لیے بھی روانہ ہوں گے۔

نوازشریف 21 اکتوبر شام 7 بجے لاہور پہنچیں گے، نوازشریف حفاظتی ضمانت ملنے پر لاہور ایئر پورٹ سے سیدھا مینار پاکستان پہنچیں گے اور ان کے استقبال کے لئے ملک بھر سے قافلے 4 بجے تک لاہور مینار پاکستان پہنچیں گے۔

PMLN

Nawaz Sharif

Rana Sanaullah

Multan