Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

فلیٹس خریدنے سے پہلے دیکھ لیتے- عدالت کا کراچی میں 9 منزلہ عمارت گرانے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ نے الاٹیز کی درخواست مسترد کردی
اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2023 02:11pm

سندھ ہائیکورٹ نے آگرا تاج میں 96 گز پر تعمیر 9 منزلہ عمارت مسمار کرنے کا حکم دیتے ہوئے الاٹیز کی درخواست بھی مسترد کردی۔

سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کے علاقے آگرا تاج میں 96 گز پر 9 منزلہ عمارت بنانے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ 96 گز کے پلاٹ پرعمارت بنا کر فلیٹس فروخت بھی کر دیے گئے، عدالتی احکامات کے باوجودعمارت کھڑی کردی گئی ہے۔

درخواست میں استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی چھٹیوں میں بلڈر نے پوری عمارت کھڑی کردی، عمارت مسمار کرنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے الاٹیز کے وکیل سے استفسار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کن بنیادوں پر آپ نےعمارت میں فلیٹس لیے؟، جب فلیٹس خرید رہے تھے تب دیکھ لیتے۔

عدالت نے الاٹیز کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ کی درخواست مسترد کر رہے ہیں، آپ چاہیں تو معاوضے کے لئے الگ سے درخواست دائر کر سکتے ہیں۔

عدالت نے96 گز پر تعمیرعمارت مسمار کرنے کا حکم دیتے ہوئے الاٹیز کی درخواست بھی مسترد کردی۔

عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو 2 ہفتوں میں عمارت مسمار کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ ایس بی سی اے عمارت مسمار کر کے رپورٹ جمع کرائے۔ عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 14نومبر تک ملتوی کردی۔

Sindh High Court

SBCA