Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سپریم کورٹ نے افغان شہری کی پاکستان سے بے دخلی روک دی

جب تک یہ آپ سے وفادار ہیں پاکستان میں رہ سکتے ہیں، چیف جسٹس کا درخواستگزار کی اہلیہ سے مکالمہ
شائع 16 اکتوبر 2023 04:52pm

سپریم کورٹ نے افغان شہری کی پاکستان سے بے دخلی روک دی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ جب تک یہ وفادار صاحب آپ کے ساتھ وفادار ہیں پاکستان میں رہ سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ میں افغان نژاد ڈنمارک کے شہری کو پی او سی کارڈ جاری کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

وکیل نادرا نے کہا کہ درخواست گزار نے پی او سی کی توثیق کے لیے درخواست دی تھی، پی اوسی کارڈ ان کو جاری ہوتا ہے جن کی شادی پاکستان میں ہوئی ہو، بھارت یا دشمن ملک سے تعلق رکھنے والے کو کارڈ جاری نہیں ہوتا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار کسی تخریب کاری میں ملوث ہے؟ پی او سی کارڈ کی توثیق کی مخالفت کس بنیاد پر کی گئی ہے؟۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ درخواست گزار افغان شہری ہے، اہلخانہ کے نام دیے گئے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار کے خلاف کوئی شواہد ہیں؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ درخواست گزار کے بہن بھائی کابل اور لوگر میں رہتے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ طورخم اور چمن بارڈر جائیں اور دیکھیں کیا ہے ہو رہا ہے، جس کو دل کرتا ہے پاکستان آنے دیا جاتا ہے جسے چاہے روک دیتے ہیں، یہ پیسوں کا دھندا یہاں کھڑے ہوکر نہ کریں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ بلاوجہ کسی پر شک کرنا انسانی حقوق کے خلاف ہے، درخواست گزار کی بیوی پاکستانی اور ملک میں موجود ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے عدالت سے ایک ماہ کی مہلت مانگ لی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ سماعت تک درخواست گزار کو ملک سے نہیں نکالا جائے گا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ مسئلہ حل نہ ہوا تو آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل خود پیش ہوں۔

دوران سماعت مداخلت پر عدالت نے درخواست گزار حیات اللہ وفادار کو جھاڑ پلا دی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے درخواست گزار کی اہلیہ سے دلچسپ مکالمہ کیا کہ کیا حیات اللہ گھر میں آپ کی بات سنتا ہے؟ ہماری تو نہیں سن رہا، جس پر خاتون نے چیف جسٹس کو جواب دیا کہ گھر میں میری بات سنتا ہے۔

مزید پڑھیں

قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان پاکستان میں رہیں گے، نوٹیفکیشن جاری

خیبرپختونخوا میں افغان مہاجرین کیخلاف 31 اکتوبر تک آپریشن نہ کرنے کا فیصلہ

حکومتی احکامات کے باوجود کراچی میں رجسٹرڈ افغان شہریوں کو مسائل کا سامنا

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ جب تک یہ وفادار صاحب آپ کے ساتھ وفادار ہیں ملک میں رہ سکتے ہیں۔

بعدازاں عدالت عظمیٰ نے کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کردی۔

Afghan refugees

Supreme Court

اسلام آباد

Justice Qazi Faez Isa

afghan citizen

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

Illegal Afghan Immigrants

Afghan Refugees Returning