Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’نواز شریف کی نااہلی ختم ہوچکی، معاشی بحران پر قابو پالیں گے‘

نوازشریف کو وطن آکرعدالتوں کا سامنا کرنا پڑے گا، قمر زمان کائرہ
شائع 15 اکتوبر 2023 09:29pm
PM Kakar’s visit to China: What will Pakistan’s agenda be?| Rubaroo | Aaj News

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نااہلی ختم ہوچکی، ہم ملک کے معاشی بحران پر قابو پالیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نوازشریف کو وطن آکر عدالتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سائفر کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری کہتے ہیں کہ پہلے یہ ثابت کریں کہ جو پرچہ لہرایا گیا وہ سائفر تھا۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 2 سے 3 سال میں پاکستانی معیشت کو بہتر کرسکتے ہیں، 2013 میں موجودہ سے بھی بدتر حالات تھے۔ ہم نے آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کرلیا تھا، نوازشریف نے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی ختم ہو چکی ہے، قانون میں نااہلی کی مدت 5 سال ہے، پارٹی قائد اپنے کیسز کا سامنا کریں گے، نوازشریف کیخلاف تمام کیسز جھوٹ پر مبنی تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیسز کا مقصد نوازشریف کو سیاست سے نکالنا تھا، یقین ہے کہ نواز شریف کو انصاف ملے گا، قائد ن لیگ نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلا، انھوں نے سائفر کے معاملے پر کہا کہ ہم کھیلیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کے سفارتی تعلقات سے کھیلا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی قانون کے سامنےاپنی بے گناہی ثابت کریں، ان کو استدعا کرنے کی بجائے شواہد دینا چاہئیں، وہ قانونی عمل کو لمبا کر رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو ایک دن تو جواب دینا ہوگا۔

14ماہ میں عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر پائے، قمر زمان کائرہ

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے بھی آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے الیکشن مہم کا آغاز کردیا ہے، ن لیگ نے اپنے قائد نواز شریف کا استقبال کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو وطن آکرعدالتوں کا سامنا کرنا پڑے گا، الیکشن شیڈول کے اعلان سے بے یقینی ختم ہوئی ہے۔ انوارالحق کاکڑ نگراں وزیراعظم ہیں، ان کے کوئی عزائم نہیں ہیں۔

عمران خان کی بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں ہیں، وکلاء دفاع کر رہے ہیں، وکلاء کیسز ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

پی ڈی ایم کے دور حکومت کی بات کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے تسلیم کیا کہ 14ماہ میں عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر پائے، مہنگائی بڑھی، عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا، 14ماہ میں فصلوں کی قیمتیں اور صنعتکار کا منافع بھی بڑھا ہے۔

’چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف سائفر کیس بنتا ہی نہیں‘

سپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری نے ”روبرو“ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف سائفر کیس بنتا ہی نہیں، پہلے تو یہ دیکھنا ہوگا کہ سائفر ہے کیا۔

انھوں نے کہا کہ پہلے یہ ثابت کریں کہ جو پرچہ لہرایا گیا وہ سائفر تھا، اجلاس میں کہا گیا سائفر پاکستان کے معاملات میں مداخلت ہے، اس کیس کا ٹرائل اوپن کورٹ میں ہونا چاہئے جیل میں نہیں۔

Nawaz Sharif

Pakistan Politics

Pakistan People's Party (PPP)

general elections 2023