Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سب خراب ہونے کے بعد ٹھیک کرنے کیلئے نواز شریف کی ضرورت ہے، مریم نواز

ہم نے ریاست پاکستان پر سیاست کو قربان کیا، شہباز شریف
اپ ڈیٹ 12 اکتوبر 2023 07:55pm

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز کا کہنا ہے کہ سب خراب ہونے کے بعد اب سب ٹھیک کرنے کے لئے نواز شریف کی ضرورت ہے، انہیں ووٹ دیں وہی آپ کو مہنگائی سے نجات دلائے گا۔

سینیئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کارکنوں اور رہنماؤں سے21 اکتوبرکی تیاریوں پر مشاورت کی گئی اور نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ 12 اکتوبر1999 کا یوم سیاہ ہوئے 24 سال ہو گئے، نواز شریف نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا، پاکستان کو دنیا کا ساتواں اور اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی ملک بنایا۔

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کو دھمکی اور لالچ دی گئی لیکن انہوں نے پاکستان کے دفاع اور وقار پر سمجھوتہ نہ کیا، اور کہا تھا کہ پاکستانی آزاد ہیں اور آزاد رہیں گے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عوام کے حق کے لئے کھڑا ہونا ہمارے قائد کی روایت ہے، سب خراب ہونے کے بعد اب سب ٹھیک کرنے کے لئے نواز شریف کی ضرورت ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پاکستان کے دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے والا نواز شریف قوم کو معاشی قوت بنائے گا، عوام انہیں دوتہائی ووٹ دیں، وہی آپ کو مہنگائی سے نجات دلائے گا۔

ہم نے ریاست پاکستان پر سیاست کو قربان کیا، شہباز شریف

دوسری جانب لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا، نوازشریف کے دور میں پاکستان نے بہت ترقی کی، آج 12 اکتوبر کو دوسری مرتبہ نوازشریف کی حکومت ختم کی گئی تھی، 21 اکتوبر کو نوازشریف کا تاریخی استقبال کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تاجربرادری نے ہمیشہ ن لیگ اور نوازشریف کا ساتھ دیا، نواز شریف نے ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کی تھی، اورنج لائن کے کیس میں ایک ڈھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، اورنج لائن نہ ہوتی تو لاہور کی ٹریفک کا کیا حال ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نے عوام کو موٹرویز اور میٹروبس کا تحفہ دیا، پی ٹی آئی نے اورنج لائن کی مخالفت کی اور عدالت گئی، نواز شریف کے دور میں ہی دہشت گردی ختم ہوئی۔

سابق وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت نے ملک کو مشکلات سے نکالا، ہم نے ریاست پاکستان پر سیاست کو قربان کیا، ریاست نہ بچتی تو سیاست ویسے ہی دفن ہوجاتی، ملک چلانے کے لیے کاروباری نظام کو بڑھانا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیے، گزشتہ 4 سال میں نوجوانوں کو کیا دیا گیا؟ ہم نے پنجاب بھر میں اسپتال بنائے، مفت علاج فراہم کیا گیا، کینسر کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی۔

صدر مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ نوازشریف کے دور میں سی پیک میں 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، ملک مستحکم ہوگا تو ملک ترقی کرے گا، ملک نوازشریف کی قیادت میں ترقی کا سفر پھر شروع کرے گا، نوازشریف سے محبت کرنے والے21 اکتوبر کو بھرپور استقبال کریں۔

آئی ایم ایف ہمیں تگنی کا ناچ نچا رہی ہے اور ہم بے بس ہیں، رانا ثناء اللہ

ادھر سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت بہت مشکل حالات سے گزر رہا ہے، سال 2018 کے دوران اگر پی ٹی آئی کو دھاندلی کر کے اقتدار سے نہ نوازا جاتا تو آج پاکستانی معیشت مستحکم ہوتی مگر افسوس کہ آج آئی ایم ایف ہمیں تگنی کا ناچ نچا رہی ہے اور ہم بے بس اور لاچار ہیں۔

فیصل آباد میں تنظیمی مشاورتی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر پنجاب رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے معاہدوں کا خمیازہ ہمیں دور اقتدار کے دوران 16 ماہ تک بھگتنا پڑا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک میں خوشحالی اور معاشی استحکام صرف ایک خواب نظر آرہا ہے مگر میاں نوازشریف ملکی معیشت میں بہتری کے لیے امید کی آخری کرن ہیں، اب عوام کو عام انتخابات میں ووٹ دیتے ہوئے قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اگر اس بار بھی جنرل الیکشن میں مسلم لیگ ن کا مینڈیٹ چِھن گیا تو ہمارا ملک بہت پیچھے چلا جائے گا۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دور اقتدار میں کبھی اپنوں کو نوازنے کی کوشش نہیں کی، پی ٹی آئی دور حکومت میں غریب عوام کو مشکلات جبکہ کرپشن کلچر کو فروغ ملا،میاں نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر شاندار استقبال کریں گے اور نواز شریف وطن واپسی پر آئین کے مطابق تمام مقدمات کا سامنا کریں گے۔

اس موقع پر سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے روز سیاسی مظاہرے نہیں بلکہ پاکستان کے ریاستی اداروں پر منظم حملے کیے گئے، 9 مئی کو پشاور میں ریڈیو پاکستان پر آگ لگانے والے لوگ کون تھے، ریاستی اداروں پر حملے اور یادگار شہداء پر توڑ پھوڑ کرنے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانا چاہیئے۔

PMLN

Nawaz Sharif

Shehbaz Sharif

Maryam Nawaz

lahore

shahbaz sharif

mariyum nawaz