نواز لیگ کا لاہور میں پاور شو، ملک بھکاری بن گیا تو نوازشریف یاد آیا، مریم نواز
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہےکہ ملک بھکاری بن گیا تو نوازشریف یاد آتا ہے، گزشتہ دور میں جو جتنی بڑی گالی دیتا اتنی بڑی وزارت ملتی تھی۔
نوازشریف کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) نے لاہور کے حلقہ 135 میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب جلسہ کا انعقاد کیا۔
جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ 2017 میں نوازشریف کو نہ نکالا جاتا تو ملک کا یہ حال نہ ہوتا، شیر کو نہیں ہرایا جاسکتا، شیر کو ہرانے اور مٹانے والے کئی آئے، شیر وہیں کھڑا ہے۔
انھوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کو نوازشریف واپس آرہے ہیں، پاکستان کے لیڈر کا بھرپوراستقبال ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے دور میں مہنگائی 2 فیصد تھی، چینی 50 اور آٹا 35 روپے کلو تھا، سات سال میں ملک پر چھائی اداسی ختم ہونے جارہی ہے۔
مریم نے مزید کہا کہ نوازشریف نے ملک کیلیے قربانیاں دیں، ملک کو ترقی کے منصوبے دیے، لوڈ شیڈنگ نوازشریف کے دورمیں ختم ہوئی اور ملک میں دہشت گردی بھی انھیں کے دور میں ختم ہوئی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ نوازشریف نے اقتدار کے دن کم اور مشکلات کے دن زیادہ دیکھے، ملک کے کونے کونے سے آواز آرہی ہے وزیراعظم نوازشریف کیونکہ انھوں نے دھرنوں کے باوجود ترقیاتی منصوبے جاری رکھے۔
انھوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کا ٹھیکیدار کوئی اور بنا، منصوبہ نوازشریف نے شروع کیا، نوازشریف باہر سے امپورٹ ہو کر نہیں آرہا، اسی مٹی سے بنا، نوازشریف کو کسی نے فارن فنڈنگ سے لانچ نہیں کیا۔
خواتین کارکنان کی تانگہ ریلی
لاہور میں نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں مسلم لیگ ن کی خواتین کارکنوں نے تانگہ ریلی نکالی، جس کی قیادت سابق ایم پی اے کنول لیاقت نے کی۔
ریلی میں لیگی خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے پارٹی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
ریلی میں شریک خواتین نے پارٹی قائد کے حق میں خوب نعرے بازی بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ 21 اکتوبر کو نواز شریف کا تاریخی استقبال کریں گے۔
خواتین کا کہنا تھا کہ عوام نے جب بھی نواز شریف پر اعتماد کیا تو انہوں نے ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے مثالی اقدامات کئے۔
Comments are closed on this story.