Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی: اسرائیل میں ہونیوالی کارروائی سے یہودیوں کے خواب چکنا چور ہوگئے، سراج الحق کا دھرنے سے خطاب

مسجد خضراء سے مظاہرے کا آغاز ہوا، اور ریلی گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے میں تبدیل ہوگئی
اپ ڈیٹ 08 اکتوبر 2023 11:53pm
کراچی: اسرائیل میں ہونیوالی کارروائی سے  یہودیوں کے خواب چکنا چور ہوگئے، سراج الحق کا دھرنے سے خطاب۔ فوٹو ــ اسکرین گریب
کراچی: اسرائیل میں ہونیوالی کارروائی سے یہودیوں کے خواب چکنا چور ہوگئے، سراج الحق کا دھرنے سے خطاب۔ فوٹو ــ اسکرین گریب

جماعت اسلامی کراچی کے تحت گورنرہاؤس پر دھرنا دیا گیا ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں ہونیوالی کارروائی سے یہودیوں کے خواب چکنا چور ہوگئے۔ دھرنے سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں ہم صیہونیوں کے آلہ کار سے مزاحمت کررہے ہیں۔

جماعت اسلامی کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف گورنر ہاؤس سندھ پر دھرنا دیا گیا۔

جماعت اسلامی کے مطابق شام 4 بجے مسجد خضراء سے احتجاجی مظاہرے کا آغاز ہوا، اور ریلی گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے میں تبدیل ہوگئی۔

سراج الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہودیوں نے گریٹر اسرائیل کا نقشہ جاری کیا تھا لیکن حماس کے مجاہدین کی اسرائیل میں کی گئی کارروائی سے یہودیوں کے خواب چکنا چور ہوگئے۔

انھوں نے کہا کہ حملے میں 600 سے زائد یہودی جہنم واصل ہوئے، عالم اسلام 58 ممالک پر مشتمل ہے، 74 لاکھ سے زائد افواج اور 9 سمندروں پر حکمرانی ہے، میں سمجھ رہا تھا کہ سب ملکر حمایت کا اعلان کریں گے۔

دوران خطاب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ہفتہ یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور فلسطین کی موجودہ کشیدگی کو پاکستان کے وزیراعظم نے دو ریاستوں کے درمیان لڑائی قرار دیا۔

نگراں وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے سراج الحق نے مزید کہا کہ کاکڑ صاحب ذرا سمجھیں یہ دو ریاستوں کی لڑائی نہیں ہے، اسرائیل 50 سال سے فلسطینوں کی نسل کشی کررہا ہے، اسرائیل کا مقصد بیت المقدس کو ختم کرنا ہے۔

اس سے قبل دھرنے سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ قبلہ اول کے محافظوں کو اسرائیل میں گھس کر عظیم مزاحمت پر سلام ہے، سوئی ہوئی امت کو جگانے والوں کو زبردست مزاحمت پر سلام پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل میں صیہونی آبادکاروں نے زبردستی تسلط قائم کیا ہوا ہے، صیہونی احسان فراموش ہیں، ان سے قبضہ فرانس اور امریکا نے کروایا، صیہونیت یہ ہے کہ دوسرے مذہب کا قتل کیا جائے۔

حافظ نعیم نے مزید کہا کہ صیہونی سامراجی ذہن ہے جس کی پشت پناہی امریکا کررہا ہے، پاکستان میں ہم صیہونیوں کے آلہ کار سے مزاحمت کررہے ہیں، پاکستان میں موجود اسرائیل کو قبول کرنے والے موجود ہیں، اسرائیل کے ناپاک وجود کو ہم کسی صورت قبول نہیں کرسکتے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بجلی، پیٹرول کی قیمتوں اور مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، سیاسی پارٹیوں میں کوئی بھی عوام کے لیے اٹھنے کو تیار نہیں، تمام پارٹیاں سرجوڑے بیٹھی ہیں کہ اگلی باری کس کو دینی چاہیئے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ پر امن اور پیہم مزاحمت ہی مسائل کے حل کا راستہ نکال سکتی ہے، حکمراں آئی ایم ایف کا رونا روتے اور خود عیاشیاں کرتے ہیں، ہم ان حکمرانوں کیخلاف پرامن مزاحمت کریں گے۔ ورلڈ بینک کا نظام نہیں چلے گا اور آئی ایم کی غلامی نہیں چلے گی۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں آئی پی پیز کے معاہدے ختم کیے جائیں، آئی پی پیز سے معاہدے ظلم پر مبنی ہیں، 9 ہزار میگاواٹ بجلی ہم استعمال نہیں کرتے ہیں لیکن ان کے پیسے ادا کرتے ہیں، آئی پی پیز میں ایک بند کمپنی نے سالانہ 28 ارب روپے کمائے۔

ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس، کے الیکٹرک کی سہولت کاری کرتا ہے لیکن عوام کی ترجمانی نہیں کرتا، ہمارا مطالبہ ہے کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم کی جائیں۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی کے وڈیروں کے ہاتھوں کراچی کی گنتی کم کردی، کراچی بیدار ہوچکا ہے اور اب تحریک مزید آگے بڑھے گی۔

electricity price

Hafiz Naeem ur Rehman

Jamat e Islami

electricity bills

Pakistan Inflation

jamat e islami karachi