Aaj News

جمعرات, نومبر 14, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا

عدالت کی اسموگ سیزن میں نیا ترقیاتی منصوبہ شروع نہ کرنے اور سائیکلنگ کو فروغ دینے کی تجویز
شائع 06 اکتوبر 2023 11:57am

لاہور دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے، جب کہ عدالت نے اسموگ سیزن میں کوئی نیا ترقیاتی منصوبہ شروع نہ کرنے اور سائیکلنگ کو فروغ دینے کی تجویز دی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں اسموگ کے تدارک کیلئے درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے حکومتی وکیل سے استفسار کیا کہ ایک ماہ میں کتنے پروجیکٹس شروع کیے گئے ہیں۔

پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ اس وقت پانچ منصوبوں پر کام جاری ہے، شاہدرہ میں جاری پروجیکٹ بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔

عدالت نے حکم دیا کہ جو پراجیکٹ چل رہا ہے وہ ٹھیک ہے، لیکن نیازی انٹرچینج ٹو بابو صابو پر کام شروع نہ کریں، وہ فروری میں شروع کر لیں، ائیر کوالٹی پر پراجیکٹس کتنا اثر کرے گا یہ بھی بتایا جائے، اور آئندہ سماعت پر جو ڈیٹا جمع ہوا ہے اسکی روشنی میں عدالت کو آگاہ کریں۔

عدالت نے حکم دیا کہ اسموگ کے سیزن کے دوران کوئی تعمیراتی پروجیکٹ شروع نہیں ہونا چاہیے، یہ بالکل ٹھیک تجویز ہے ایسا ہی ہونا چاہیے، عوام کو سائیکلنگ کو فروغ دینے کے لئے آگاہی دی جائے۔

وکیل نے بتایا کہ سڑکوں کی الائنمنٹ کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جیل روڈ سمیت دیگر سڑکوں کے ایشوز ہیں، جگہ جگہ سڑکوں پر یو ٹرن نہیں ہونے چاہیے یوٹرن فاصلے پر رکھیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ پانی کو بچانے کے لیے کام کرنا ہو گا، 10 مرلے کے گھروں کی تعمیر میں بھی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لازمی ہونا چاہیے، آئندہ سماعت پر پروپوزل بنا کر عدالت میں پیش کریں۔

عالمی آلودہ شہروں کی فہرست میں لاہور آج پہلے نمبر پر

دوسری جانب لاہور کو گردوغبار اور دھویں کے بادلوں نے گھیرے میں لیے رکھا ہے، اور آج لاہور دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔

لاہور میں گردوغبار اور آلودگی بڑھتی جارہی ہے، جس کی وجہ سے لاہور نے 305 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ پہلی پوزیشن لے لی ہے۔

دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر بھارت کا شہر دہلی ہیں جہاں آئی کیو لیول 173رہا۔ جب کہ عرب امارات کے شہر دبئی نے 166 ائیرکوالٹی لیول کے ساتھ تیسرا نمبر حاصل کیا ہے، اور چوتھے نمبر پر انڈونیشیا کا شہر جکارتہ ہے جس کا 165 آئی کیو لیول رہا۔۔ ملائشیا کا شہر کوالہ لمپور 154 ائیرکوالٹی کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

lahore

Lahore High Court

smog

lahore smog condition