فیصل آباد: آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں دھماکا، 2 مکانوں کی چھتیں گر گئیں
فیصل آباد کے جسوانہ روڈ پر آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں دھماکے سے آگ لگ گئی۔ ایک دوسرے واقعے میں ایل پی جی سلنڈر کی فیکٹری میں گیس لیکیج کے باعث آگ لگ گئی جبکہ جڑانوالہ روڈ پر 220 کے وی گرڈ اسٹیشن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
جسوآنہ روڈ پر چک نمبر 113 میں آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں پٹاخے پھٹنے سے آگ لگ گئی اور دھماکے کے نتیجے میں 2 مکانوں کی چھتیں گر گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق فیکٹری میں 4 سے 5 مزدور کام کر رہے تھے، جنہوں نے دھماکے کے فوراً بعد بھاگ کر جان بچائی۔
دوسری طرف سمندری روڈ پر ڈجکوٹ میں ایل پی جی سلنڈر کی فیکٹری میں گیس لیکیج کے باعث آگ لگ گئی۔
ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کی 4 گاڑیوں نے ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا، آگ کے باعث ایک شخص جھلس کر زخمی بھی ہوا۔ جسے ریسکیو ٹیم نے موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
بجلی گھر میں شارٹ سرکٹ
فیصل آباد میں جڑانوالہ روڈ پر 220 کے وی گرڈ اسٹیشن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے کچھ ہی لمحے میں ٹرانسفارمر اور برقی آلات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کی 6 گاڑیوں نے ایک گھنٹے کی کوششوں سے آگ پر قابو پایا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں لگی۔
فیسکو ذرائع کے مطابق گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی کے باعث 132 کے وی کے 10 گرڈ متاثر ہوئے تھے، جن پر بجلی بحال کردی گئی جبکہ متاثرہ گرڈ کے اطراف کے علاقوں میں بھی جلد بجلی بحال ہو جائے گی۔
Comments are closed on this story.