Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مولانا فضل الرحمان کے بیان پر الیکشن کمیشن جواب دے گا، نگراں وزیراطلاعات

انتخابات الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں ہم معاونت کے ذمہ دار ہیں، نگراں وزیراطلاعات
شائع 02 اکتوبر 2023 02:19pm
نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی۔ فوٹو — ریڈیو پاکستان
نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی۔ فوٹو — ریڈیو پاکستان

نگران وفاقی وزیرا طلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ایک بڑی جماعت کے رہنما ہیں، ان کے بیان کا مناسب جواب الیکشن کمیشن دے گا، انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے، ہم الیکشن کمیشن کی معاونت کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیرا طلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ایک بڑی جماعت کے رہنما ہیں، ان کا بیان الیکشن کمیشن نے دیکھ لیا ہوگا، اور وہی اس کا مناسب جواب دیں گے۔

نگراں وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے، ہم الیکشن کمیشن کی معاونت کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے سوال پر مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کا نگراں حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔

خیبرپختونخوا میں جنوری کے آخر میں انتخابات مشکل ہیں

واضح رہے کہ گزشتہ روز ساہیوال میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انتخابات جنوری کے آخر میں ہونے کا جو کہا جا رہا ہے اس میں خیبرپختونخوا میں انتخابات ہونا مشکل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال الیکشن کے لئے ہی جدوجہد کی ہے، کسی نے بھی میرے کہنے سے نااہل نہیں ہونا، چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے کاموں سے ثابت کیا کہ وہ نااہل ہے۔

نگراں حکومت سے متعلق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں نگراں حکومت والا فلسفہ ہی غلط ہے، میں نگراں حکومت کو کچھ نہیں سمجھتا اس میں نگراں کوئی اور ہوتا ہے۔

JUIF

Election Commission of Pakistan (ECP)

general elections 2023

Murtaza Solangi