Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

معاشی اندھیرے مٹانا اور عوام کو ریلیف دلانا ہی نوازشریف کا ایجنڈا ہے، شہباز شریف

ن لیگ کے مشاورتی اجلاس میں نوازشریف کی 21 اکتوبر کو آمد پر استقبال کی تیاریوں کا جائزہ
اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2023 09:18pm

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ معاشی اندھیرے مٹانا اور عوام کو ریلیف دلانا یہی نوازشریف کا ایجنڈا ہے، نوازشریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے کمر کس لی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی زیرصدارت پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا،جس میں پارٹی قائد نوازشریف کی 21 اکتوبر کو آمد پر استقبال کی اب تک کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز، حمزہ شہباز، سیکرٹری جنرل احسن اقبال، رانا ثناءاللہ ، سعد رفیق، مریم اورنگزیب اور پرویز رشید سمیت دیگر راہنمائوں نے شرکت کی۔

مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں نے اب تک کے انتظامات کے حوالے سے پارٹی صدر شہباز شریف کو آگاہ کیا۔

شہبازشریف نے پارٹی رہنماﺅں، عہدیداروں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہا۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے کمر کس لی ہے، معاشی اندھیرے مٹانا اور عوام کو ریلیف دلانا یہی نوازشریف کا ایجنڈا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کی بحالی، قومی اتحاد اور دہشت گردی کا خاتمہ اولین ایجنڈا ہے، ہماری توجہ، صلاحیتوں اور اقدامات کا رُخ عوام کو مسائل سے نجات دلانے کی طرف تھا، ہے اور رہے گا، نواز شریف کا اصل ایجنڈا عوام کو تکلیف سے نکالنا اور ریلیف دینا ہے۔

ن لیگ کے صدر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روشن مستقبل دے کر پاکستان کا معمار بنانا ہے، انہیں تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنانا ہے۔

شہباز شریف نے چیف آرگنائزر مریم نواز شریف، دیگر عہدیداروں اور رہنماؤں کو پارٹی کو فعال اور متحرک کرنے پر شاباش دی اور اب تک کے اقدامات کو سراہا۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے پارٹی رہنماﺅں کو تمام تنظیموں کے ساتھ کوآرڈی نیشن کو مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کردی۔

قوم کے خوابوں کی تعبیر اور بحرانوں کا حل صرف نواز شریف ہیں، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام کے لیے مہنگائی اور مہنگے بلوں سے نجات کی ضمانت نواز شریف ہیں، قوم کے خوابوں کی تعبیر اور بحرانوں کا حل صرف نواز شریف ہیں۔

ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں پارٹی کے پنجاب کے ڈویژنل، ضلعی صدور اور سیکریٹری جنرلز کا اجلاس ہوا، جس میں پارٹی قائد نوازشریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی اور استقبال پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں سینئر رہنما رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، سعد رفیق، مریم اورنگزیب، یوتھ کوآرڈی نیٹرز اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ ہولڈرز شریک ہوئے۔

مریم نواز نے قائد نوازشریف کے استقبال کے حوالے سے پارٹی اور عوام میں جوش و جذبے کا خیرمقدم کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ قوم کی امید نواز شریف ہیں، تعمیر و ترقی کی تعبیر نوازشریف ہیں، ہر وعدے کی تکمیل نوازشریف ہیں، پاکستان کی روشن تقدیر نوازشریف ہیں، عوام کو مہنگائی، مہنگے بلوں سے نجات کی ضمانت نوازشریف ہیں، نوجوان کے روشن مستقبل اور ترقی کا ضامن نوازشریف ہے، مزدور، کسان اور محنت کش کو ریلیف صرف نوازشریف دلاسکتے ہیں، قوم کے خوابوں کی تعبیر نوازشریف ہے، نوازشریف قوم کو متحد کرے گا۔

نائب صدر ن لیگ نے مزید کہا کہ نوازشریف قوم کو ترقی کا وژن دیں گے، بحرانوں کا حل صرف نوازشریف ہے، دہشت گردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ کی قیادت نوازشریف کریں گے، چوتھی مرتبہ عوام کے منتخب وزیراعظم نوازشریف ملک وقوم کے لیے تاریخی کردار ادا کریں گے، نوازشریف آئے گا، تعمیر، ترقی ، امن اور خوش حالی لائے گا۔

سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ، نواز شریف کی کوششوں سے ہی چین نے سی پیک کی صورت میں اس وقت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی جب کوئی پاکستان کا رخ کرنے کو تیار نہیں تھا۔

سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا کہ نوازشریف کو حکومتی مدت پوری کرنے دی جاتی تو آج مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نہ ہوتی۔

سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نوازشریف کو کام کرنے دیا جائے تو پاکستان سے مسائل لوڈشیڈنگ کی طرح ختم ہوجائیں گے۔

مزید پڑھیں

نواز شریف کا سیاسی بیانیے پر نظرثانی سے انکار، احتساب کا بیانیہ لیکر انتخابات میں جانے کا فیصلہ

نوازشریف کی واپسی سے صرف آئین شکن پریشان ہیں، مریم نواز

پاکستان میں موجود تمام ن لیگی رہنماؤں کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

سابق وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے سوا پاکستان کو بحرانوں سے کوئی نہیں نکال سکتا۔

شریف کی وطن واپسی پر استقبال کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جبکہ کارکنوں کا لہو گرمانے کے لیے مریم نواز اور حمزہ شہباز کل شاہدرہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر استقبال کو کامیاب بنانے کے لیے پارٹی چیف آرگنائزر مریم نواز اور سابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف سرگرم ہو گئے ہیں۔

مریم نواز اور حمزہ شہباز کل سے لاہور میں جلسوں کا آغاز کریں گے۔ کل پہلا جلسہ شاہدرہ کے حلقہ این اے 123 میں شام 7 بجے ہو گا، جس سے دونوں راہنما خطاب کریں گے۔

نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں 7 عوامی اجتماعات کا اعلان کیا گیا ہے، ان اجتماعات کا مقصد نواز شریف کے 21 اکتوبر کے گریٹر اقبال پارک میں ہونے والے جلسے کے لیے کارکنوں کو متحرک کرنا ہے۔

PMLN

Nawaz Sharif

Ahsan Iqbal

Maryam Nawaz

Rana Sanaullah

lahore

Maryam Aurangzeb

pmln punjab ijlas