Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

ورلڈ کپ وارم اپ میچ : پاکستان کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 346 رنز کا ہدف

قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 345 رنز بنائے
اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2023 06:37pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 346 رنز کا ہدف دے دیا۔

حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے وارم اپ میچ کا ٹاس پاکستان نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹ پر 345 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر امام الحق 10 گیندوں پر محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے 144 رنز پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کا اسکور مستحکم کیا جبکہ کپتان بابراعظم 80 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

اس کے بعد وکٹ کیپر محمد رضوان اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 159 رنز کی شراکت داری قائم کی، پھر سعود شکیل 75 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے اینڈ پر محمد رضوان نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے 94 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔

شاداب خان 16 رنز کی اننگز کھیل کر 338 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے جبکہ آغا سلمان 33 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے 2 جبکہ میٹ ہینری، جیمی نیشم اور لوکی فرگوسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یوں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے اور کیویز کو جیت کے لیے 346 رنز کا ہدف دے دیا۔

اس سے قبل دونوں کے درمیان میچ 18 ویں اوور میں بارش کے بعد روک دیا گیا تھا تاہم 45 منٹ کے وقفے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا 15 رکنی اسکواڈ کے ہمراہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھلیں گے، میگا ایونٹ سے قبل تمام کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ کوشش کریں گے پاکستان کے خلاف کنڈیشز سے ہم آہنگ ہوکر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کریں۔

پاکستان کا اسکواڈ

کپتان بابراعظم، نائب کپتان شاداب خان، عبداللہ شفیق، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان علی آغا، محمد وسیم، جونیئر، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، افتخار احمد اور محمد نواز شامل ہیں۔

وارم اپ میچ میں تمام 15 کھلاڑی دستیاب ہوں گے اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن میچ کھیل کر اپنی فٹنس کا اندازہ لگائیں گے۔

کین ولیمسن گھٹنے کی سرجری کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں اس لیے ولیمسن انگلینڈ کے خلاف ورلڈکپ میچ نہیں کھیلیں گے وہ آج پاکستان سے وارم اپ میچ میں صرف بیٹنگ کریں گے جب کہ جنوبی افریقا کے خلاف وارم اپ میچ میں ولیمسن بیٹنگ کے ساتھ فیلڈنگ بھی کریں گے۔

حیدرآباد دکن میں آج موسم ابرآلود رہنےکا امکان ہے اور ہلکی بوندا باندی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اس سے قبل بھارت کی جانب سے ویزوں کے اجراء میں تاخیر کے باعث طے شدہ شیڈول کے بعد بھارت پہنچنے والی قومی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز ٹریننگ سیشن میں بھرپورحصہ لیا۔

آپشنل ٹریننگ میں کپتان بابراعظم، شاہین آفریدی،حسن علی ، حارث رؤف، افتخاراحمد، سلمان علی آغا، فخر زمان ایکشن میں نظرآئے۔

محمد حارث ، وسیم جونیئر اورزمان خان بھی ٹریننگ میں جم کر حصہ لیتے نظرآئے۔ کھلاڑیوں نے اسٹیڈیم کے اندر وارم اپ اور فیلڈنگ کی مشقوں کےعلاوہ نیٹس میں جم کربیٹنگ اور باؤلنگ کا سیشن کیا۔

کھلاڑیوں نے اسٹیڈیم کے اندر وارم اپ، فیلڈنگ ڈرلز اور نیٹ سیشن میں حصہ لیا۔ قومی ٹیم کا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ سے قبل 10 ٹیمیں 2، 50 اوورز کے میچ کھیلیں گی جو کہ بھارت کے 3 مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز 5 اکتوبر سے ہو گا اور پاکستان اپنا پہلا میچ نیدر لینڈز کے خلاف 6 اکتوبر کو کھیلے گا۔

india

New Zealand

پاکستان

warm up matches

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023