Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹیکس کیس: چیف جسٹس نےوکیل پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا

جرمانے کی رقم اپنی مرضی کے خیراتی ادارے میں جمع کروا کر رسید جمع کرائی جائے، عدالت
شائع 25 ستمبر 2023 02:49pm

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جواب جمع نہ کرانے پر وکیل پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا اور حکم دیا کہ رقم اپنی مرضی کے خیراتی ادارے میں جمع کروا کر رسید عدالت میں جمع کرائیں۔

سپریم کورٹ میں ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے کہا کہ گزشتہ سال مارچ میں آپ کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی، کیوں نہ آپ کو جرمانہ عائد کیا جائے۔

وکیل نے کہا کہ میں غلطی تسلیم کرتا ہوں۔ جس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل درخواست گزار پر 10 ہزارروپے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے حکم دیا کہ جرمانے کی رقم اپنی مرضی کے خیراتی ادارے میں جمع کروا کر رسید جمع کرائی جائے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے بارے میں کہا جاتا ہے ٹیکس مقدمات عدالتوں میں پھنس جاتے ہیں، سپریم کورٹ کیخلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ اربوں روپے کے ٹیکس مقدمات ہم نے دبا کر رکھے ہوئے ہیں، اور ٹیکس مقدمات میں آپ کی یہ حالت ہے کہ ڈیڑھ سال میں جواب تک جمع نہیں کرایا۔

عدالت نے وکیل درخواست گزار کو تحریری جواب جمع کرانے کیلئے آخری مہلت دے دی۔

Supreme Court

Justice Qazi Faez Isa

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

CJ Faez Isa