یکم اکتوبر سے پیٹرول کی قیمت میں کمی کا عندیہ
نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ امکان ہے ڈالر کی قدر میں کمی کی وجہ سے اگلے پندرہ دن کے جائزے میں پیٹرول کی قیمت میں کمی کی جائے گی جبکہ نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز کا بھی کہنا ہے کہ یکم اکتوبر کو قوم کو خوشخبری ملے گی، مہنگائی سے عوام پریشان ہیں، امید ہے پہلی تاریخ کو پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوگی، بجلی کی کمی قیمتوں میں کوشاں ہیں۔
ہفتے کو کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس کے اقدامات کی وجہ سے ہماری حکومت نے ڈالر تقریباً 35 روپے سستا کر دیا، جس کی وجہ سے ہمیں پیٹرول خریدنے کے لیے کم ادائیگیاں کرنی پڑیں۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نواز شریف حفاظتی ضمانت لیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ وہ خود کریں گے۔ان کی واپسی پر سب کچھ آئین وقانون کے مطابق ہوگا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ 30 نومبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست دے دی جائے گی، کسی کو لگتا ہے الیکشن کمیشن کوئی غیر قانونی کام کر رہا ہے تو عدالتیں کھلی ہیں، ہماری توجہ ملک کی معیشت میں استحکام لانے پر ہے۔
انتخابات سے متعلق کچھ لوگوں کے ذہن میں الجھن ہے
انہوں نے کہا کہ انتخابات سے متعلق کچھ لوگوں کے ذہن میں الجھن ہے اور الجھن پیدا کرنا کچھ لوگوں کا کاروبار ہے، میرے یا نگراں حکومت کے ذہین میں ایسی کوئی الجھن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اعلان کیا کہ جنوری میں انتخابات ہوں گے، امید ہے اس کی حتمی تاریخ جلد دی جائے گئی جب کہ آزادانہ اور شفاف انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو تمام وسائل فراہم کریں گے۔
نواز شریف جیل کی دیواریں توڑ کر نہیں بلکہ عدالت اور اس وقت کی حکومت کی اجازت سے باہر گئے
قائد ن لیگ کی وطن واپسی پر ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف تین بار ملک کے وزیراعظم اور ایک بڑی سیاسی جماعت کے قائد ہیں، وہ جیل کی دیواریں توڑ کر نہیں بلکہ عدالت اور اس وقت کی حکومت کی اجازت سے باہر گئے تھے، وہ ضمانت لیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ انہیں خود کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا نواز شریف جب واپس آئیں گے تو سب کچھ آئین اور قانون کے مطابق ہو گا، نواز شریف حفاظتی ضمانت لےکر آئیں یا عدالت کا دروازہ کھکھٹائیں گے، اس کا جواب میں نہیں دے سکتا، نواز شریف سے متعلق سوالات کا جواب نگران حکومت نے نہیں دینا۔
تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے
نگراں وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے نام پر کوئی پابندی نہیں، ملک کی تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے، ہمیں اپنی آئینی ذمے داری پوری کرنی ہے۔
کوشش ہے اس بار پیٹرول کی قیمت بھی کم کریں
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ایسا انتظام ہوتا کہ تیل کی پیداوار بڑھ جائے تو ہم پیٹرول کی قیمت کم کردیتے، جس طرح ڈالر کی قیمت کم کی ہے، کوشش ہے پیٹرول کی قیمت بھی کم کریں۔
نگراں وزیر نے کہا کہ بجلی کی چوری کی مد میں جو ادائیگیاں ہوئی ہیں وہ تقریباً 8 ارب روپے ہے، ہماری توجہ ملک کی معیشت میں استحکام لانے پر ہے۔
کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ ہمیں قانون سازی کا اختیار نہیں مگر مسائل حل کرنے کے لئے جو کر سکے کریں گے۔
ملک میں الیکشن ہوں یا نہ ہوں، کراچی پریس کلب میں انتخابات ہمیشہ ہوتے ہیں، یہاں سے سب سے زیادہ جمہوریت کے لئے آواز اٹھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی بہبود ترجیحات میں ہے، آزادی اظہار رائے کے لئے کراچی پریس کلب کا اہم کردار ہے، البتہ نگراں حکومت محدود مدت کے لئے آئی ہے مگر صحافیوں کے مسائل کیلئے جو ممکن ہوا کریں گے۔
آئندہ ماہ تک پیٹرول کی قیمتوں میں کمی آجائے گی، نگراں وزیر تجارت
دوسری جانب نگراں وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ تک پیٹرول کی قیمتوں میں کمی آجائے گی، ڈالر کی قیمت میں کمی کا اثر مہنگائی پر بھی پڑے گا۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ کراچی کی بزنس کمیونٹی پورے ملک کے لیے اہمیت کی حامل ہے، کرنسی واپس آکر اپنی جگہ آرہی ہے الر کی قیمت میں کمی کا اثر موجودہ مہنگائی پر بھی پڑے گا تمام اشیاء کی قیمتوں میں نمایا کمی آئے گی۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر سےغیر قانونی مقیم افغانی باشندوں کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی ہے نگراں حکومت چاہتی ہے کہ ایسی پالیسی بنائیں جو آنے والی حکومتوں کے لیے آسانی پیدا ہوسکے۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک اور کاروباری شخصیات کے ساتھ ایک اہم میٹنگ ہوئی ہے، صنعتکاروں نے انرجی کرائسس پر سوالات اٹھائے ہیں، ملک میں ایکسپورٹ میں اضافہ صنعتوں کے لیے گیس کی کمی پر بھی بات ہوئی۔
Comments are closed on this story.