نوازشریف نے شہبازشریف کا بیانیہ اپنالیا تو واپس آسکتے ہیں، ندیم افضل چن
پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ نوازشریف حالیہ بیانیے پر واپس نہیں آسکتے، نوازشریف نے شہبازشریف کا بیانیہ اپنالیا تو واپس آسکتے ہیں، پی ٹی آئی کے رہنما سیف اللہ ابڑو کا کہنا ہے کہ شہبازشریف 24 گھنٹے میں لندن واپس چلے گئے، کیونکہ ان کا انقلاب یہیں تک ہے، ن لیگ کے رہنما بلال اظہرکیانی کا کہنا ہے کہ ن لیگ میں مختلف رائے ہوتی ہیں، فیصلہ قیادت کا ہوتا ہے، نوازشریف21 اکتوبر کو واپس آرہے ہیں۔
شہباز شریف کے لندن جانے کا ن لیگ بہتر بتاسکتی ہے، ندیم افضل چن
آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ شہباز شریف کے لندن جانے کا ن لیگ بہتر بتاسکتی ہے، نواز شریف کے بیان سے شہباز شریف اتفاق نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ احتساب بلاتفریق ہونا چاہیئے، نوازشریف ان کا احتساب نہیں چاہتے جن سے ن لیگ کو فائدہ ہوا، ثاقب نثار بھی نوازشریف کا ہی پراجیکٹ تھے، ثاقب نثار بعد میں کسی اور جانب چلے گئے۔
ندیم افضل چن کا مزید کہنا تھا کہ لیول پلئینگ فیلڈ نہ ہوئی تو انتخابات متنازع ہوجائیں گے، استحکام پارٹی سے استحکام نہیں آتا، شفاف الیکشن سے آتا ہے، ان کے خلاف خطاب کیا اور پھر ایکسٹینشن دے دی، ان کی جماعت میں مختلف بیانیے رہے ہیں، ووٹ کوعزت دو اور پھر آنکھ کا تارہ ہونے کا بیان دیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہماری سیاسی نظام میں طاقت ہی نہیں ہے، طاقت کے لیے سیاسی جماعتوں میں جمہوریت لانی ہوگی، پیپلزپارٹی کی لڑائی غربت سے ہے، جمہوریت، قانون کی بالادستی، روٹی، کپڑا اور مکان یہی بیانیہ ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف حالیہ بیانیے پر واپس نہیں آسکتے، نواز شریف نے شہباز شریف کا بیانیہ اپنا لیا تو واپس آسکتے ہیں۔
لیول پلئینگ فیلڈ کی بات کرنا سیاستدانون کی تذلیل ہے، سیف اللہ ابڑو
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ لیول پلئینگ فیلڈ کی بات کرنا سیاستدانون کی تذلیل ہے، ہم نے الیکشن کمیشن کو اتنا مضبوط کیوں نہیں بنایا، 18ویں ترمیم بھی سیاستدانوں نے ہی کی تھی۔
سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو لیول پلئینگ فیلڈ کی بات نہیں کرنی چاہیئے، شہباز شریف 24 گھنٹے میں لندن واپس چلے گئے، شہباز شریف کا انقلاب یہیں تک ہے، جدید دورمیں فون پر بات کرنا بھی محفوظ نہیں ہے، بات کرنے کے لیے ان کو لندن جانا پڑا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ سسٹم جب تک نہیں بنے گا، ملک مضبوط نہیں ہوگا، عدلیہ، پولیس اور الیکشن کمیشن کو ٹھیک کرنا ہوگا، نیب ترامیم میں بہت سی اچھی چیزیں بھی تھیں۔
پیپلز پارٹی میں گڈ کاپ بیڈ کاپ کی سیاست چل رہی ہے، بلال اظہر کیانی
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں گڈ کاپ بیڈ کاپ کی سیاست چل رہی ہے، آصف زرداری کے بیان کو ان کی ذاتی رائے کہا گیا، ن لیگ میں مختلف رائے ہوتی ہیں، فیصلہ قیادت کا ہوتا ہے۔
سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے حوالے سے بلال اظہرکیانی نے بتایا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو واپس آرہے ہیں، میں نہیں جانتا کہ کس بات پر مشاورت کے لیے بلایا گیا ہے، شہبازشریف بھی جلد وطن واپس آئیں گے، کارکن نوازشریف کی واپسی اور الیکشن کے لیے پرجوش ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کی سزا پاکستان کے خلاف سازش تھی، بے شک الیکشن کمیشن کو مضبوط بنانا ہوگا، ن لیگ نے نیب کے کالےقانون کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی، ہم نیب کو جیل چلے تھے اب تو ان کی باری تھی، نیب ترمیم کے خلاف پی ٹی آئی عدالت میں گئی۔
Comments are closed on this story.