Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نواز شریف کی واپسی، رانا ثناء اللہ نے پارٹی کا تنظیمی اجلاس طلب کرلیا

'21 اکتوبر کو نوجوانوں کے قائد نوازشریف کا بھرپور استقبال کریں گے'
شائع 17 ستمبر 2023 07:32pm
اسکرین گریب: ایکس/پی ایم ایل این
اسکرین گریب: ایکس/پی ایم ایل این

پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے پارٹی کا تنظیمی اجلاس کل طلب کرلیا۔

ڈسٹرکٹ، ڈویژن کے عہدے دار، سابق ایم این ایز، ایم پی ایز اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز اجلاس میں شریک ہوں گے۔

اجلاس میں مریم نواز اورحمزہ شہباز خصوصی شرکت کریں گے۔

اجلاس کل ایک بجے مقامی ہوٹل میں ہوگا۔

اجلاس کا ایجنڈا نواز شریف کی وطن واپسی کے استقبال کی تیاریوں سے متعلق ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پارٹی کارکنان نواز شریف کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں، نواز شریف کے شیر اپنے قائد کا تاریخی استقبال کریں گے، ان کا استقبال ملک میں تبدیلی کی امید کا مظہر ہوگا، عوام کو نواز شریف جیسے مشکل حالات سے نکالنے والے لیڈر کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب اتوار کو مریم نواز اور حمزہ شہباز کی زیر صدارت لاہور میں ہوئے یوتھ کوآرڈینیٹرز کے مشاورتی اجلاس میں یوتھ کوآرڈینیٹرز نے نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے زبردست نعرے اور جوش وخروش کا مظاہرہ کیا۔

شرکاء نے خطاب میں کہا کہ ن لیگ نوجوانوں کے روشن مستقبل کی جماعت ہے، ہمارے مستقبل کو سنوارنے میں نواز شریف کے مخلصانہ جذبوں کو یاد رکھتے ہیں، نواز شریف کے یوتھ پروگرام نے زندگی میں آگے بڑھنے میں بہت معاونت کی۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں پانچ گنا اضافہ ہوا، لیپ ٹاپ سکیم نے نوجوانوں کے لیے علم اور روزگار کے دروازے کھولے، 21 اکتوبر کو نوجوانوں کے قائد نوازشریف کا بھرپور استقبال کریں گے۔

PMLN

Nawaz Sharif