جماعت اسلامی کا پشاور میں کل اور منگل کو کراچی میں احتجاج کا اعلان
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بجلی بلوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف کل گورنرہاوس پشاورکے سامنے دھرنے کا اعلان کردیا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 19 ستمبر کو کراچی کے نوجوان سڑکوں پر نکلیں۔
تیمرگرہ میں علماء کنونشن سے خطاب میں سراج الحق نے کہا پی ڈی ایم اور تبدیلی سرکار نے ملک کو مہنگائی میں دھکیل دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ نیب اور عدلیہ کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کریں، مولانا فضل الرحمان اب منہگائی پر خاموش ہیں، ، عوام مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم بجلی کے بلوں کی قسطوں کے حوالے سے آئی ایم ایف کی منت سماجت کررہے ہیں۔
’سڑک پر اپنی گاڑیاں بند کردیں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں‘
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 19 ستمبر کو کراچی کے نوجوان سڑکوں پر نکلیں اور احتجاج کریں، پورا پاکستان پشت پر ہوگا۔
کراچی میں اسٹار گیٹ پر جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاجی دھرنا دیا گیا۔
مظاہرین سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کو پیٹرول کی قیمت کم کرنی پڑے گی، صرف آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لیے مہنگائی بڑھائی جارہی ہے اور ہم پر پیٹرول بم گرادیا گیا ہے، حکومت ہماری بے بسی کا تماشا نہ بنائے۔
انھوں نے کہا کہ لوٹ مار اور کرپشن کے نیٹ ورک کو چلانے والےحکمران بنے بیٹھے ہیں، آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنے والے انہی کے نمائندے ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیبل کے دونوں جانب آئی ایم ایف بیٹھی ہوتی ہے، سارا بوجھ ان کی قسطوں کا غریب لوگوں پر ڈالا جاتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’منگل کو شام 5 بجے میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ سڑک پر اپنی گاڑیاں بند کردیں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں‘۔
Comments are closed on this story.