Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نواز شریف پاکستان آکر خود کو سرنڈر کریں گے، رانا ثناء اللہ

متنازع بینچ نے نیب ترامیم کیس کا متنازع فیصلہ دیا، لیگی رہنما
شائع 15 ستمبر 2023 03:48pm
سابق وزیر داخلہ اور رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللہ۔ فوتو — اسکرین گریب
سابق وزیر داخلہ اور رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللہ۔ فوتو — اسکرین گریب

سابق وزیر داخلہ اور رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف وطن واپس آکر خود کو آزادنہ شہری کے طور پر قانون کے حوالے کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایک منتخب وزیراعظم کو عدالتی فیصلے اور سازش کے تحت بیٹے سے تنخوا نہ لینے پر ہٹا دیا گیا، 2017 میں 20، 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پا چکا تھا مگر ترقی کرتے پاکستان کو روکا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی مہنگائی، بیروزگاری کے ہاتھوں مشکلات کا شکار ہے، پاکستان ڈیفالٹ سے تو بچ نکلا ہے لیکن معاشی بحران سے نہیں نکلا، نواز شریف کو عام آدمی نجات دہندہ کے طور پر دیکھ رہا ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جی 20 ممالک میں پاکستان شامل ہونے ہی والا تھا، 2017 میں ن لیگ دور میں پیٹرول 65 روپے فی لیٹر تھا تاہم پھر ایسے شخص کو لایا گیا جس کا ایک ہی تکیہ کلام تھا کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس شخص نے ملک کے نوجوانوں کے دماغ میں بارود بھرا اور ایسی گندی سیاست کی کہ ایک خاندان کے لوگ دست و گریباں ہوگئے، چیئرمین پی ٹی آئی کے آنے سے پہلے اوئے توئے کا کلچر نہیں تھا۔

سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ نیب ترامیم کا فیصلہ متنازع ہے، ایک متنازع بینچ نے کیس کا متنازع فیصلہ دیا، قانون ظالمانہ شکل میں بحال ہوگیا ہے، یہ پی ٹی آئی کو مبارک ہو، البتہ اپنی پارٹی کو کہا تھا ابھی اس قانون کو نہ چھیڑیں۔

نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان آکر آزادانہ شہری کے طور پر سرنڈر کریں گے اور حفاظتی ضمانت لیں گے۔

PMLN

Rana Sanaullah

lahore

PPP

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

NAB amendment case