وطن واپسی پر نواز شریف کی کیا حکمت عملی ہوگی ؟
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ نوازشریف وطن واپسی کے بعد انتخابی مہم میں حصہ لیں گے، وہ اپنے دور کی کامیابیوں کو ہی بیانیہ بنائیں گے۔ پی ٹی آئی کے رہنما سیف اللہ ابڑو کہتے ہیں کہ نوازشریف کو چاہئے کہ پی ڈی ایم کے سولہ ماہ کی کارکردگی کو بھی اون کریں۔ پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ملک میں لیول پلئینگ فیلڈ نہیں ہے، ن لیگ کو فیورٹ بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔
آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ طے ہوگیا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آئیں گے، قائد ن لیگ لندن سے لاہور پہنچیں گے۔
انھوں نے کہا کہ نواز شریف انتخابی مہم میں حصہ لیں گے، اپنی کارکردگی کا بیانیہ اپنائیں گے، اپنے دور کی کامیابیوں سے عوام کو آگاہ کریں گے۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ نواز شریف عوام کو بتائیں گے کہ جب وہ اقتدار میں تھے تو روٹی کتنے کی تھی اور دیگر اشیا کے کیا ریٹ تھے۔
سابق صدر پرویز مشرف کا نام لیے بغیر عرفان صدیقی نے کہا کہ نوازشریف نے ایک ڈکٹیٹر کا محاسبہ کیا، ان کے دور میں ڈکٹیٹر پر غداری کا مقدمہ چلا۔
ملک میں عام انتخابات اور پائیدار قیام امن پر بات کرتے ہوئے رہنما ن لیگ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا مطالبہ درست ہے، دہشت گردوں کو لانے والوں کا احتساب ہونا چاہئے۔
’نواز شریف پی ڈی ایم کے 16 ماہ کو اون کریں‘
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سیف اللہ ابڑو نے آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عرفان صدیقی جو لکھیں گے، نوازشریف وہ پڑھیں گے، امید ہے نوازشریف پی ڈی ایم کے 16 ماہ کو اون کریں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ نوازشریف پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈال کر گئے تھے، مشکل حالات میں بیرون ملک بھاگنے کا جواب دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف 50 روپے کے اسٹامپ پیپر پر لندن گئے تھے، آئی پی پیز کے ساتھ مہنگے معاہدوں کا جواب دیں، سیاست دانوں کی شو گر ملز اور آئی پی پیز ہیں۔
اپنی پارٹی کی بات کرتے ہوئے سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ اسد عمر کسی سے ہاتھ ملانا پسند نہیں کرتے، پی ٹی آئی کے 42 لوگ پارٹی چھوڑ کر جاچکے ہیں، اب بھی بیشتر رہنما پی ٹی آئی میں موجود ہیں۔
’مسلم لیگ ن کو فیورٹ بنا کر پیش کیا جارہا ہے‘
پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ میری دعا ہے کہ نوازشریف وطن واپس آئیں، ان کو مقدمات کا سامنا کرنا چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ نواز شریف کو سیاست میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، نوازشریف اپنے بھائی کی حکومت میں جلا وطن کیوں رہے۔
ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ ملک میں سڑکیں نہیں، قانون کی بالادستی اہم ہے۔
ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ اس وقت لیول پلئینگ فیلڈ نہیں ہے، ن لیگ کو فیورٹ بنا کر پیش کیا جا رہا ہے، بیور و کریسی ن لیگ کو سپورٹ کررہی ہے، ن لیگ نے بیور و کریسی میں گروپس بنائے ہیں۔
Comments are closed on this story.