Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

شہباز شریف نے نواز شریف کی پاکستان واپسی کی تاریخ کا اعلان کردیا

نواز شریف کے 'فقیدالمثال' استقبال کا اعلان
اپ ڈیٹ 13 ستمبر 2023 08:44am
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

سابق وزیراعظم اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آئیں گے، پاکستان آمد پر نواز شریف کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی کے ساتھ مشاورت ہوئی جس کے مطابق ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کا کارنامہ سر انجام دینے والے پارٹی قائد 14 اکتوبر کو واپس آئیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایٹمی طاقت نہ بنانے کے عوض نواز شریف کو 5 ارب ڈالر کا پیکج آفر ہوا جس سے انہوں نے معذرت کرلی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر 2013 سے 2018 کے درمیان صنعت، حرفت اور ذراعت میں 2018 کے الیکشن کے نتیجے میں ترقی کا سلسل نہ ٹوٹتا تو پاکستان ترقی کے میدان میں بہت آگے ہوتا۔

نواز شریف 2019 سے جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں اور پاناما پیپرز کیس میں تاحیات نااہل ہونے کے بعد لندن میں مقیم ہیں۔

تاہم، حکومت نے حال ہی میں الیکشن ایکٹ میں کچھ ترامیم کی منظوری دی جس میں نااہلی کے لیے زیادہ سے زیادہ پانچ سال کی حد مقرر کی گئی ہے۔

ان ترامیم کے بعد نواز شریف کی واپسی کا دروازہ کھل گیا، جس کے بعد لندن میں ان کی واپسی کی تاریخ پر مشاورت کے حوالے سے کئی میٹنگز بھی ہوئیں۔

گزشتہ روز پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری پیغام میں سابق وزیراعظم، ن لیگ کے صدر اور نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف کا ایک بیان شئیر کیا تھا۔

مریم اورنگزیب نے لکھا، ’سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا اہم بیان، معمارِ پاکستان اور رہبر، عوام محمد نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس تشریف لائیں گے‘۔

مریم نے شہباز شریف کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا، ’محسنِ عوام محمد نواز شریف کا وطن آمد پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا‘۔

واضح رہے کہ ملک میں انتخابات کا مطالبہ کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف سرگرم ہوچکی ہیں۔ پیپلز پارٹی کو خدشہ ہے کہ آئندہ انتخابات کیلئے لیول پلئینگ فیلڈ نہیں ہے۔

صدر مملکت نے بھی نواز شریف کے دور میں ان کے پرنسپل سیکریٹری رہ چکے فواد حسن فواد کو نگراں کابینہ میں شامل کرلیا ہے۔

اسی لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب میں ن لیگ کو ٹف ٹائم دینے کیلئے نیا پینترا آزمانے کا فیصلہ کیا ہے اور گھاک کھلاڑی میدان میں اتارے ہیں۔

ایسے میں نواز شریف کی وطن واپسی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ ن لیگ بارہا کہہ چکی ہے کہ نواز شریف پاکستان واپس آکر خود انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔

Nawaz Sharif

پاکستان

Marriyum Aurangzeb