یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا گیا
یوم دفاع و شہدائے پاکستان آج قومی اور ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔
یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوگی۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔
یوم دفاع کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کورٹرزراولپنڈی میں منعقد ہوگی جس سے آرمی چیف خطاب کریں گے۔
تقریب میں شہداء کے اہل خانہ اور عسکری حکام شرکت کریں گے، یوم دفاع کے حوالے سے نیول ،ائیربیسز اور چھاونیوں میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں دفاعی ساز وسامان کی نمائش مرکز نگاہ ہوگی۔
یوم دفاع اور شہدا کے موقع پر بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی جس میں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے فرائض سنبھال لیے، تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل غضنفر لطیف تھے۔
یوم دفاع کے موقع پر قومی یادگار شکر پڑیاں میں تقریب ہوئی جس میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ شریک ہوئے اور جدوجہد آزادی کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب سے خطاب میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن افواج کی جرات و قربانی کے جذبے کا عکاس ہے، شہداء نے مادر وطن کے لئے جانیں قربان کیں، ہم اپنے شہدا کو بھولے نہیں ہیں۔
یوم دفاع و شہدا کے حوالے سے صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ دفاع وطن کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، وطن کے بہادر بیٹوں نے دشمن کے خلاف بے خوفی سے لڑتے ہوئے تاریخ کا روشن باب رقم کیا۔
نگراں وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے یوم دفاع و شہدا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پاکستان کو انتہا پسندی، دہشتگردی اور بیرونی جارحیت جیسے سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت اور ترقی کے خلاف ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، محنت اور لگن سے ہر طرح کے سکیورٹی اور معاشی چیلنجوں سے پاکستان کی حفاظت کریں گے۔
نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کا دیرینہ تنازعہ خطے کے امن و سلامتی کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے، عالمی برادری کو آگے بڑھ کر اس مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے 6 ستمبر 1965 کے معرکے نے ثابت کیا کہ غیور قوم اپنی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، 6ستمبر کو مادرِ وطن کے بیٹوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پاک سرزمین کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا، آج پوری قوم اُن کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہم بطور قوم جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا کی قربانیوں کے مقروض ہیں، پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح کے اندرونی و بیرونی خطرات کے خلاف دفاع وطن کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.