Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پرویز الٰہی کی صحت تسلی بخش قرار، دوبارہ اٹک جیل روانہ کردیا گیا

پرویز الٰہی کوچیک اپ کے لیے پمز اسلام آباد منتقل کیا گیا تھا
اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2023 01:57pm
اٹک جیل میں پرویز الہی کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔ فوٹو سوشل میڈیا/آج نیوز
اٹک جیل میں پرویز الہی کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔ فوٹو سوشل میڈیا/آج نیوز

پی ٹی آئی کے صدر پرویزالہیٰ کی اٹک جیل میں اچانک طبیعت خراب ہوگئی، جس پر انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے ان کی صحت تسلی بخش قرار دی اور واپس جیل روانہ کردیا گیا۔

تھری ایم پی او کے تحت اٹک کی ڈسٹرکٹ جیل میں قید تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کی اچانک طبعیت خراب ہوگئی، اور انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کا چیک اپ کیا گیا۔

جیل ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو چیک اپ کے لیے پمز اسلام منتقل کیا گیا، اور پولیس کا قافلہ انہیں لے کر ڈسٹرکٹ جیل سے اسلام آباد روانہ ہوا۔

ڈاکٹرز نے چوہدری پرویزالہی کے مختلف ٹیسٹ لیے، اور طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد انہیں پولیس کے سخت سیکورٹی حصار میں دوبارہ اٹک جیل روانہ کردیا گیا ہے۔

پرویزالہٰی کی صحت تسلی بخش قرار

ترجمان پمز ڈاکٹر انیزا پمز نے بتایا کہ ایمرجنسی میں موجود ڈاکٹرز نے پرویز الٰہی کا طبی معائنہ کیا اور ڈاکٹروں نے پرویزالہٰی کی صحت تسلی بخش قرار دی ہے۔

ترجمان پمز نے بتایا کہ پرویز الٰہی کے لئے کوئی میڈیکل بورڈ تشکیل نہیں دیا گیا، ان کا بلڈ پریشر اور دیگر ٹیسٹ کیے گئے، انہیں اسپتال میں معمول کے چیک اپ کے لیئے لایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ یکم ستمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے پرویز الٰہی کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا بھی حکم دیا تھا، تاہم وہ جیسے ہی لاہور ہائی کورٹ سے نکل کر کینال روڈ پہنچے تو انہیں اسلام آباد پولیس نے دوبارہ گرفتار کرلیا۔

پولیس اہلکاروں نے پرویزالہیٰ کو ہاتھوں اور ٹانگوں سے پکڑ کر اٹھایا، گاڑی میں بٹھایا اور انہیں لے کر چلی گئی۔

حکام کے مطابق پرویزالہٰی کو تھری ایم پی او کے تحت 15 روز کیلئے گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں 15 دن کیلئے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا، لیکن رات گئے انہیں اٹک جیل پہنچا دیا گیا۔

pti

Pervaiz Elahi